صحیح بخاری 2700: باب الصُّلْحِ مَعَ الْمُشْرِكِينَ
اور موسیٰ بن مسعود نے کہا: سفیان بن سعید نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے حدیبیہ کے دن مشرکوں سے تین باتوں پر صلح کی کہ جو مشرکین میں سے اُن کے پاس آئے گا آپؐ اسے اُن کی طرف واپس کردیں گے اور جو اُن کے پاس مسلمانوں میں سے آئے وہ اُس کو واپس نہیں کریں گے۔ اور آپؐ آئندہ (سال) مکہ میں آئیں گے اور اُس میں تین دن ٹھہریں گے۔ ہتھیار تلوار اور کمان وغیرہ غلاف میں رکھے ہوئے (مکہ میں) داخل ہوں گے۔ حضرت ابو جندلؓ زنجیروں میں لڑکھڑاتے ہوئے آئے تو آپؐ نے انہیں اُن کی طرف واپس کردیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: مومل (بن اسماعیل) نے سفیان (ثوری) سے روایت کرتے ہوئے حضرت ابو جندلؓ کا ذکر نہیں کیا اور لفظ جُلُبَّان کی جگہ جُلُب کہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah