صحیح بخاری 2744: باب الْوَصِيَّةِ بِالثُّلُثِ
محمد بن عبدالرحیم نے مجھ سے بیان کیا کہ زکریا بن عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ مروان (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہاشم بن ہاشم سے، ہاشم نے عامر بن سعد سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت سعد بن ابی وقاص)ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں بیمار ہوگیا تو نبی ﷺ میری بیمار پرسی کیلئے تشریف لائے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ سے دعا کریں کہ وہ مجھے اُلٹے پائوں واپس نہ کرے۔ (یعنی مکہ میں نہ مارے۔) آپؐ نے فرمایا: امید ہے کہ اللہ تمہیں (اِس بیماری سے صحت دے کر) اُٹھائے گا اور تمہارے ذریعہ کچھ لوگوں کو فائدہ پہنچائے گا۔ میں نے کہا: میں چاہتا ہوں کہ وصیت کروں اور میری صرف ایک ہی بیٹی ہے۔ میں نے کہا: میں نصف کی وصیت کرنا چاہتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: نصف تو بہت ہے۔ میں نے عرض کی: اچھا تہائی کی کروں؟ فرمایا: تہائی سہی اور تہائی بھی بہت ہے۔ (راوی کو شک ہے کہ مفہوم ’’بہت‘‘ کیلئے حضور ﷺ نے لفظ کَثِیْرٌ اِستعمال فرمایا یا کَبِیْرٌ) حضرت سعدؓ کہتے تھے: پھر لوگ تہائی کی وصیت کرنے لگے اور یہ اُن کیلئے جائز ہوگیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah