صحیح بخاری 3101: باب مَا جَاءَ فِي بُيُوتِ أَزْوَاجِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم، وَمَا نُسِبَ مِنَ الْبُ …
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن خالد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے علی بن حسین (زین العابدین) سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت صفیہؓ نے انہیں خبر دی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آپؐ سے ملاقات کرنے کے لئے آئیں جبکہ آپؐ رمضان کے آخری عشرہ میں مسجد میں معتکف تھے۔ پھر وہ واپس جانے کے لئے اُٹھیں تو رسول اللہ ﷺ بھی ان کے ساتھ اُٹھے۔ یہاں تک کہ جب آپؐ مسجد کے اس دروازے کے قریب پہنچے جو نبی ﷺ کی زوجہ حضرت امّ سلمہؓ کے دروازے کے پاس تھا تو انصار میں سے دو شخص (اُسَید بن حُضَیر اور عباد بن بشر) وہاں سے گزرے اور رسول اللہ ﷺ کو السلام علیکم کہا۔ پھر جلدی سے آگے نکل گئے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں سے فرمایا: ٹھہرو۔ تو دونوں نے کہا: سبحان اللہ یا رسول اللہ۔ اور ان دونوں پر یہ بات شاق گزری (کہ رسول اللہ ﷺ کے متعلق کوئی گمان کریں کہ وہ غیر محرم کے ساتھ ہوں) تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: شیطان انسان کے اندر وہاں تک پہنچتا ہے جہاں تک خون پہنچتا ہے اور مجھے اندیشہ ہوا کہ مبادا تمہارے دل میں کوئی وسوسہ ڈال دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah