صحیح بخاری 3124
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن مبارک نے ہمیں بتایا کہ معمر سے مروی ہے۔ انہوں نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ انبیاء میں سے ایک نبی نے دشمن پر چڑھائی کی اور اپنی قوم سے کہا کہ میرے ساتھ وہ شخص نہ جائے جس نے عورت سے عقد کیا ہو اور وہ اسے گھر میں لانا چاہتا ہو اور ابھی تک اسے نہ لایا ہو اور نہ ایسا شخص جس نے گھر کے کمرے بنائے اور ان کی چھتیں مکمل نہ کی ہوں اور نہ وہ جس نے بکریاں یا گابھن اونٹنیاں خریدی ہیں اور وہ ان کے جننے کا انتظار کر رہا ہو۔ چنانچہ وہ نبی جنگ کے لئے نکلا اور نمازِ عصر یا اس کے قریب اس گائوں (اریحا) کے قریب پہنچا تو سورج سے کہنے لگا کہ تو بھی مامور (یعنی تابع حکم الٰہی ہے) اور میں بھی مامور ہوں۔ اے میرے اللہ! اس سورج کو ہمارے لئے روک رکھ (اس وقت تک کہ ہمیں فتح حاصل ہو۔ چنانچہ) سورج روکا گیا۔ یہاں تک کہ اللہ نے اس نبی کو اُن پر فتح دی اور اس نے اموالِ غنیمت جمع کیے اور آگ آئی تاکہ انہیں جلائے۔ لیکن آگ نے اسے نہ چھوا۔ تو اس نبی نے کہا: تم میں کوئی ایسا شخص ہے جس نے مالِ غنیمت سے چوری کی ہے، اس لئے چاہیے کہ ہر قبیلے میں سے ایک ایک آدمی مجھ سے بیعت کرے۔ چنانچہ ایک شخص کا ہاتھ اس نبی کے ہاتھ سے چمٹ گیا تو نبی نے کہا: تمہارے قبیلہ میں چوری کا مال ہے۔ چاہیے کہ تمہارا قبیلہ مجھ سے بیعت کرے۔ دو یا تین اشخاص کا ہاتھ اس نبی کے ہاتھ سے چمٹ گیا۔ جس پر نبی نے کہا کہ چوری کا مال تمہارے پاس ہے۔ تو وہ ایک سونے کا سر لائے جو گائے کے سر کی مانند تھا اور انہوں نے وہ سر رکھ دیا۔ آگ آئی اور اسے جلادیا۔ اللہ نے ہمارے لئے غنیمتیں حلال کردیں۔ اس نے ہماری کمزوری کو دیکھا۔ اس لئے غنیمتوں کے اموال ہمارے لئے جائز کردئیے۔
کتاب 8: بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أُحِلَّتْ لَكُمُ الْغَنَائِمُ»