صحیح بخاری 3137: بَابُ وَمِنَ الدَّلِيلِ عَلَى أَنَّ الْخُمُسَ لِنَوَائِبِ الْمُسْلِمِينَ مَا سَأَلَ هَوَاز …
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ محمد بن منکدر نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر میرے پاس بحرین کا مالیہ آیا تو میں تمہیں اتنا اتنا اور اتنا دوں گا۔ مگر وہ مال اس وقت آیا جب نبی ﷺ فوت ہوگئے تھے۔ جب بحرین کا مالیہ آیا تو حضرت ابوبکرؓ نے منادی کو حکم دیا اور اس نے اعلان کیا کہ رسول اللہ ﷺ کے ذمہ جس کا کوئی قرضہ یا وعدہ ہو وہ ہمارے پاس آئے۔ یہ سن کر میں ان کے پاس گیا اور میں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے ایسا ایسا فرمایا تھا۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے تین لپ بھر کر دئیے۔ (علی بن مدینی کہتے تھے کہ) سفیان دونوں ہاتھ اکٹھے کرکے لپ بھرتے (کہ یوں دیا) پھر انہوں نے ہم سے کہا: ابن منکدر نے ہمیں اسی طرح بتایا اور ایک بار انہوں نے یوں کہا (کہ حضرت جابرؓ کہتے تھے:) میں حضرت ابوبکرؓ کے پاس آیا۔ میں نے مانگا اور انہوں نے مجھے نہ دیا۔ پھر میں ان کے پاس آیا تو بھی انہوں نے مجھے نہ دیا۔ پھر میں ان کے پاس تیسری بار آیا اور میں نے کہا: میں نے آپؓ سے مانگا۔ آپؓ نے مجھے نہیں دیا پھر میں نے آپؓ سے مانگا۔ تب بھی آپؓ نے مجھے نہیں دیا۔ پھر میں نے آپؓ سے مانگا تب بھی آپؓ نے مجھے نہ دیا۔ یا تو آپؓ مجھے دیں ورنہ آپؓ مجھ سے بخل کرتے ہیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: تم یہ کہتے ہو کہ میں تم سے بخل کرتا ہوں۔ میں نے جب کبھی بھی تمہیں محروم کیا ہے تو یقینا میں اس وقت یہی ارادہ رکھتا تھا کہ میں تمہیں دوں گا۔ سفیان کہتے تھے: عمرو (بن دینار) نے محمد بن علی سے، انہوں نے حضرت جابرؓ سے روایت کرتے ہوئے ہم سے یوں بیان کیا: حضرت ابوبکرؓ نے مجھے ایک لپ بھر کر دیا اور کہا: اسے شمار کرو۔ میں نے پانچ سو دینار پائے۔ انہوں نے کہا: اتنے ہی دو دفعہ اور لے لو اور انہوں نے یعنی ابن منکدر نے کہا: بھلا بخل سے بڑھ کر اور کیا بیماری ہوگی۔