صحیح بخاری 3168: باب إِخْرَاجِ الْيَهُودِ مِنْ جَزِيرَةِ الْعَرَبِ
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے سلیمان بن ابی مسلم اَحول سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، وہ کہتے تھے: جمعرات کا دن۔ جمعرات کا دن بھی کیا مصیبت کا دن تھا۔ یہ کہہ کر وہ اتنا روئے کہ ان کے آنسوؤں نے کنکریاں بھی تر کردیں۔ میں نے کہا: ابن عباسؓ! وہ جمعرات کا دن کیا تھا۔ کہنے لگے: جس دن رسول اللہ ﷺ کو بیماری نے سخت نڈھال کردیا۔ آپؐ نے فرمایا: میرے پاس شانے کی ایک ہڈی لائو۔ میں تمہیں ایسی تحریر لکھ دوں کہ اس کے بعد کبھی گمراہ نہ ہوگے۔ لوگوں نے آپس میں جھگڑنا شروع کردیا اور نبی ﷺ کے پاس جھگڑنا نہیں چاہیے تھا۔ لوگوں نے کہا: آپؐ کو کیا ہوگیا ہے کیا آپؐ بیماری کی شدت میں بول رہے ہیں؟ آپؐ سے پوچھ کر سمجھ تو لو۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے چھوڑ دو۔ میں جس حال میں ہوں وہ اس سے بہتر ہے جدھر تم مجھے بلاتے ہو اور آپؐ نے ان کو تین باتوں کا حکم دیا۔ فرمایا: جزیرئہ عرب سے مشرکوں کو نکال دو اور نمائندوں کی ویسے ہی خاطر کرتے رہنا جس طرح کہ میں کرتا تھا اور تیسری بات {بھی بہت اچھی ہے} یا تو سعید خاموش ہو رہے، اس کو بیان نہ کیا یا انہوں نے وہ بات بتائی اور میں وہ بھول گیا۔ سفیان نے کہا: یہ جملہ (وَالثَّالِثَۃُ خَیْرٌ) سلیمان (اَحْوَل) کا قول ہے۔ أطرافہُ: ۱۱۴، ۳۰۵۳، ۴۴۳۱، ۴۴۳۲، ۵۶۶۹، ۷۳۶۶۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah