صحیح بخاری 3191
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ جامع بن شداد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صفوان بن محرز سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے بتایا، کہا کہ میں نبی ﷺ کے پاس اندر گیا اور اپنی اونٹنی دروازے پر باندھ دی۔ بنی تمیم کے کچھ لوگ آپؐ کے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بنی تمیم اس بشارت کو قبول کر لو۔ انہوں نے کہا: آپ نے ہمیں بشارت تو دے دی ہے ہمیں کچھ دیجئے بھی۔ دو دفعہ انہوں نے کہا۔ پھر اس کے بعد آپ کے پاس اہل یمن میں سے کچھ لوگ آئے۔ آپ نے فرمایا: یمن والو! اس خوشخبری کو قبول کرو۔ جبکہ بنو تمیم نے اسے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم قبول کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا: ہم (آپ کے پاس) اس امر (پیدائش) کے متعلق پوچھنے آئے ہیں۔ آپ نے فرمایا: پہلے اللہ ہی تھا اور اس کے سوا کچھ نہ تھا اور اس کا عرش پانی پر تھا اور قرآنِ مجید میں اس نے ہر بات لکھ دی ہے اور اس نے ان بلندیوں کو اور اس زمین کو پیدا کیا۔ اتنے میں ایک پکارنے والے نے آواز دی۔ حصین کے بیٹے! تمہاری اونٹنی چلی گئی ہے۔ یہ سن کر میں چل دیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ اتنی دور نکل گئی ہے کہ اس کے اس طرف سراب لہریں مار رہا ہے۔ اللہ کی قسم میں نے آرزو کی کہ میں اس کو چھوڑ دیتا۔