صحیح بخاری 3348: بَابُ قِصَّةِ يَأْجُوجَ وَمَأْجُوجَ
اسحاق بن نصر نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے روایت کی کہ ابوصالح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرمائے گا: اے آدم! وہ کہیں گے: جناب میں حاضر ہوں۔ تیرے احکام کی بجا آوری کے لئے تیار ہوں اور ساری کی ساری بھلائی تیرے ہی ہاتھوں میں ہے۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: دوزخ میں بھیجے ہوؤں کو نکالو۔ آدم کہیں گے: دوزخ میں بھیجے ہوؤں میں سے کتنے؟ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: ہر ہزار دوزخیوں میں سے نو سو نناویں۔ اس وقت خوف سے بچہ بوڑھا ہو جائے گا اور ہر حمل والی اپنے حمل گرا دے گی اور لوگوں کو تو مدہوش دیکھے گا۔ حالانکہ وہ مدہوش نہیں ہوں گے۔ بلکہ اللہ کا عذاب ہی سخت ہوتا ہے۔ صحابہ نے پوچھا: یا رسول اللہ! وہ ایک کون ہوگا؟ آپؐ نے فرمایا: تم خوش رہو۔ کیونکہ تم میں سے ایک آدمی ہوگا اور یاجوج اور ماجوج میں سے ایک ہزار۔ اس کے بعد پھر آپؐ نے فرمایا: اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں امید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں تم چوتھائی ہوگے۔ ہم نے یہ سن کر نعرئہ تکبیر لگایا۔ آپؐ نے فرمایا: میں امید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں تم تہائی ہوگے۔ ہم نے یہ سن کر پھر نعرئہ تکبیر لگایا۔ آپؐ نے فرمایا: میں امید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں تم آدھے ہوگے۔ ہم نے پھر نعرئہ تکبیر لگایا۔ تب آپؐ نے فرمایا: تم لوگوں میں ایسے ہی ہو جیسے سیاہ بال سفید بیل کے جسم میں یا فرمایا: جیسے سفید بال سیاہ بیل کے جسم میں۔