صحیح بخاری 3388: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {لَقَدْ كَانَ فِي يُوسُفَ وَإِخْوَتِهِ آيَاتٌ لِلسَّائِلِين …
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن فضیل نے ہمیں خبر دی کہ حصین نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان سے، انہوں نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت اُمّ رومانؓ سے جو حضرت عائشہؓ کی والدہ تھیں اس بہتان کے متعلق پوچھا جو حضرت عائشہؓ پر باندھا گیا تھا۔ کہنے لگیں: میں اور عائشہؓ دونوں بیٹھی ہوئی تھیں کہ اسی اثناء میں ایک انصاری عورت ہمارے پاس اندر آئی اور وہ یہ کہہ رہی تھی: اللہ فلاں کو تباہ کرے اور تباہ کیا ہے۔ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: کیوں؟ کہنے لگی۔ اسی نے تو یہ بات مشہور کی ہے۔ عائشہؓ نے پوچھا: کونسی بات؟ اس نے عائشہؓ کو بتایا۔ عائشہ نے پوچھا: کیا ابوبکرؓ اور رسول اللہ ﷺ نے بھی یہ بات سنی ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ یہ سنتے ہی عائشہؓ بے ہوش ہو کر گر گئی۔ ہوش میں آئی تو اسے لرزہ کا بخار تھا۔ نبی ﷺ آئے اور پوچھا: اسے کیا ہوا ہے؟ میں نے کہا: اس کو بخار چڑھ گیا ہے۔ اس بات کی وجہ سے جس کا چرچا کیا گیا ہے۔ یہ سن کو وہ اُٹھ بیٹھی اور کہنے لگی: بخدا! اگر میں قسم اُٹھائوں تو آپ لوگ مجھے سچا نہیں سمجھیں گے اور اگر میں معذرت کروں تو مجھے معذور نہیں ٹھہرائیں گے۔ اس لئے میری اور آپ لوگوں مثال حضرت یعقوبؑ اور ان کے بیٹوں کی سی ہے۔ پھر اللہ ہی سے مدد مانگی جائے ان باتوں کے متعلق جو آپ لوگ بیان کر رہے ہو۔ یہ سن کر نبی ﷺ لوٹ گئے۔ پھر اللہ نے وہ وحی نازل کی جو کی۔ پھر آپؐ نے عائشہ کو بتایا تو عائشہؓ نے سن کر کہا: اللہ ہی کا شکریہ ہے نہ کسی اور کا شکریہ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 19: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {لَقَدْ كَانَ فِي يُوسُفَ وَإِخْوَتِهِ آيَاتٌ لِلسَّائِلِينَ}