صحیح بخاری 3400: باب حَدِيثِ الْخَضِرِ مَعَ مُوسَى ـ عَلَيْهِمَا السَّلاَمُ

عمرو بن محمد نے ہمیں بتایا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ نے ان کو بتایا۔ حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے کہ انہوں نے (یعنی حضرت ابن عباسؓ) اور حُرّ بن قیسؓ نے موسیٰ کے ساتھی کی نسبت اختلاف کیا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: وہ خضر ہیں۔ اتنے میں حضرت اُبی بن کعبؓ ان دونوں کے پاس سے گزرے۔ حضرت ابن عباسؓ نے انہیں بلایا اور کہا: میں اور یہ میرا رفیق موسیٰ کے اس ساتھی کے متعلق اختلاف رکھتے ہیں جس کی ملاقات کے لئے موسیٰ نے راستہ دریافت کیا تھا۔ کیا آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کو ان کا حال بیان کرتے سنا؟ انہوں نے کہا: ہاں میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا کہ ایک دفعہ موسیٰ بنی اسرائیل کے بھرے مجمع میں تھے کہ اتنے میں ایک شخص ان کے پاس آیا اور اس نے پوچھا: آپؑ کسی ایسے کو بھی جانتے ہیں جو آپؑ سے بڑھ کر عالم ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ تب اللہ نے موسیٰ کو وحی کی: بلکہ ہمارا بندہ خضر ہے (جو تم سے بڑھ کر عالم ہے۔) موسیٰ نے ان تک پہنچنے کا راستہ پوچھا: تو اللہ نے ان کے لئے مچھلی کو بطور نشان مقرر کیا اور ان سے کہا گیا کہ جب تم وہ مچھلی نہ پائو تو تم لوٹ آئو۔ پھر تم جلدی ہی خضر سے مل جاؤ گے۔ چنانچہ موسیٰ سمندر میں مچھلی کے پیچھے پیچھے چلتے رہے۔ موسیٰ سے ان کے نوجوان نے کہا: کیا آپؑ کو معلوم ہوا جب ہم نے اس چٹان کے پاس آرام کیا تھا تو میں مچھلی بھول گیا اور مجھے شیطان ہی نے بھلا دیا کہ اس کو یاد نہ رکھا۔ موسیٰ نے کہا: یہی تو تھا جو ہم چاہتے تھے۔ تب وہ دونوں اپنے قدموں کے نشانوں پر جستجو کرتے ہوئے واپس ہوئے اور خضر کو پالیا۔ پھر ان کا وہی حال ہے جو اللہ نے اپنی کتاب میں بیان کیا ہے۔

حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ قَالَ حَدَّثَنِي أَبِي عَنْ صَالِحٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ أَنَّ عُبَيْدَ اللَّهِ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ أَخْبَرَهُ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ أَنَّهُ تَمَارَى هُوَ وَالْحُرُّ بْنُ قَيْسٍ الْفَزَارِيُّ فِي صَاحِبِ مُوسَى قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ هُوَ خَضِرٌ فَمَرَّ بِهِمَا أُبَىُّ بْنُ كَعْبٍ فَدَعَاهُ ابْنُ عَبَّاسٍ فَقَالَ إِنِّي تَمَارَيْتُ أَنَا وَصَاحِبِي هَذَا فِي صَاحِبِ مُوسَى الَّذِي سَأَلَ السَّبِيلَ إِلَى لُقِيِّهِ هَلْ سَمِعْتَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَذْكُرُ شَأْنَهُ قَالَ نَعَمْ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " بَيْنَمَا مُوسَى فِي مَلإٍ مِنْ بَنِي إِسْرَائِيلَ جَاءَهُ رَجُلٌ فَقَالَ هَلْ تَعْلَمُ أَحَدًا أَعْلَمَ مِنْكَ قَالَ لاَ. فَأَوْحَى اللَّهُ إِلَى مُوسَى بَلَى عَبْدُنَا خَضِرٌ. فَسَأَلَ مُوسَى السَّبِيلَ إِلَيْهِ فَجُعِلَ لَهُ الْحُوتُ آيَةً وَقِيلَ لَهُ إِذَا فَقَدْتَ الْحُوتَ فَارْجِعْ فَإِنَّكَ سَتَلْقَاهُ. فَكَانَ يَتْبَعُ الْحُوتَ فِي الْبَحْرِ فَقَالَ لِمُوسَى فَتَاهُ أَرَأَيْتَ إِذْ أَوَيْنَا إِلَى الصَّخْرَةِ فَإِنِّي نَسِيتُ الْحُوتَ وَمَا أَنْسَانِيهِ إِلاَّ الشَّيْطَانُ أَنْ أَذْكُرَهُ. فَقَالَ مُوسَى ذَلِكَ مَا كُنَّا نَبْغِ. فَارْتَدَّا عَلَى آثَارِهِمَا قَصَصًا فَوَجَدَا خَضِرًا فَكَانَ مِنْ شَأْنِهِمَا الَّذِي قَصَّ اللَّهُ فِي كِتَابِهِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 27: باب حَدِيثِ الْخَضِرِ مَعَ مُوسَى ـ عَلَيْهِمَا السَّلاَمُ

آج 10 میں سے 10 باقی