صحیح بخاری 3404: كتاب أحاديث الأنبياء
اسحاق بن ابراہیم نے مجھے بتایا کہ رَوح بن عبادہ نے ہم سے بیان کیا کہ عوف (بن ابی جمیلہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسن (بصری) اور محمد (بن سیرین) سے اور خلاس (بن عمرو) سے، ان تینوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا موسیٰ بہت شرمیلے تھے۔ شرم کی وجہ سے اپنا بدن خوب ڈھانپ کر رکھتے کہ ان کے جسم کا کوئی حصہ دکھائی نہ دیتا۔ بنی اسرائیل میں سے جنہوں نے ان کو دکھ دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ جو بدن اتنا چھپاتے ہیں تو ضرور کسی عیب کی وجہ سے چھپاتے ہوں گے۔ جو اُن کے جسم میں ہے۔ یا تو سفید کوڑھ (برص) ہے یا فتق یا کوئی اور خطرناک بیماری۔ اور اللہ تعالیٰ نے موسیٰ کو ان باتوں سے جو اُن لوگوں نے ان کے متعلق کہیں بے عیب ثابت کرنا چاہا۔ اس لئے وہ ایک دن اکیلے تنہائی میں تھے۔ انہوں نے اپنے کپڑے اُتار کر حجر کے پاس رکھے۔ پھر نہانا شروع کیا۔ جب فارغ ہوئے تو اپنے کپڑوں کے پاس آئے تاکہ لے کر پہنیں۔ مگر وہ ہجر ان کے کپڑے لے کر بھاگا۔ موسیٰ نے اپنا عصا لیا اور اس حجر کا پیچھا کیا اور کہتے جاتے تھے: اے حجر! میرے کپڑے۔ یہاں تک کہ بنی اسرائیل کے بھرے مجمع میں جا پہنچے۔ انہوں نے موسیٰ کو برہنہ دیکھ لیا۔ نہایت ہی خوبصورت ڈیل ڈول میں جو اللہ نے ان کی بنائی تھی اور اللہ تعالیٰ نے ان کی باتوں سے ان کو بری ثابت کیا اور وہ حجر ٹھہر گیا۔ انہوں نے اپنے کپڑے لئے اور انہیں پہن لیا اور اس حجر کو لاٹھی سے مارنے لگے۔ بخدا اس حجر پر اب بھی ان کی مار کے زخم کے نشان ہیں تین، چار یا پانچ۔ اور یہی ہے جو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! ان لوگوں کی طرح نہ ہو جنہوں نے موسیٰ کو دکھ دیا تھا اور پھر انہوں نے جو افتراء کیا تھا اس سے اللہ نے ان کو بری کیا اور موسیٰ اللہ کے نزدیک بہت ہی معزز تھے۔