صحیح بخاری 3436: بَابُ: {وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مَرْيَمَ إِذِ انْتَبَذَتْ مِنْ أَهْلِهَا}
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن سیرین سے، ابن سیرین نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بچپن میں سوائے تین کے کسی نے باتیں نہیں کیں۔ یعنی عیسیٰ اور بنی اسرائیل میں ایک مشہور شخص تھا جسے جریج کہتے تھے۔ وہ نماز پڑھ رہا تھا اس کی ماں آئی اور اس نے اس کو بلایا۔ جریج نے دل میں کہا: میں اس کے پاس جائوں یا نماز پڑھتا رہوں۔ ماں نے یہ دیکھ کر بددعا کی: اے اللہ! اس کو نہ ماریو جب تک تو اس کو کنچنیوں کا منہ نہ دکھا لے اور جریج اپنے عبادت خانہ میں ہی رہتا تھا۔ ایک عورت نے اس سے چھیڑ چھاڑ کی اور اس سے (بدکاری کے لیے) کہا۔ اس نے انکار کیا۔ پھر وہ ایک چرواہے کے پاس آئی اور اپنے تئیں اس کے سپرد کیا جس سے وہ ایک لڑکا جنی اور کہنے لگی: جریج سے ہوا ہے۔ لوگ اس کے پاس آئے اور انہوں نے اس کے عبادت خانہ کو توڑ ڈالا۔ اور اس کو نیچے اتارا اور گالیاں دیں۔ جریج نے وضو کیا اور نماز پڑھی اور اس کے بعد اس لڑکے کے پاس آیا اور اس سے پوچھا: اے لڑکے! تیرا باپ کون ہے؟ اس نے جواب دیا: چرواہا۔ لوگ کہنے لگے: ہم تمہارا عبادت خانہ سونے کا بنا دیتے ہیں۔ اس نے کہا: نہیں مٹی سے ہی بنا دو۔ بنی اسرائیل میں سے ایک عورت اپنے بچے کو دودھ پلا رہی تھی کہ ایک شخص سوار جو خوش وضع تھا {اس کے پاس سے} گزرا۔ اس کو دیکھ کر وہ عورت دعا کرنے لگی: اے اللہ! میرے بیٹے کو بھی اس جیسا بنا۔ بچہ نے اس کا پستان چھوڑ دیا اور سوار کی طرف منہ کرکے بولا: اے اللہ! مجھے اس جیسا نہ بنائیو۔ یہ کہہ کر پھر اپنی ماں کے پستان کو چوسنے لگا۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: جیسے میں اب بھی نبی ﷺ کو دیکھ رہا ہوں کہ آپؐ اپنی انگلی کو چوس رہے ہیں۔ پھر ایک لونڈی وہاں سے گزری۔ اس کو دیکھ کر دعا کرنے لگی: اے اللہ! میرے بیٹے کو اس جیسا نہ بنائیو۔ اس بچے نے پستان چھوڑ دیا اور بولا: اے اللہ! مجھے اس جیسا کیجیئو۔ اس عورت نے پوچھا: یہ کیوں (تم نے کہا ہے؟) اس نے جواب دیا: وہ سوار بڑا ظالم ہے اور یہ لونڈی، لوگ اس کو کہتے ہیں: تو نے چوری کی، تو نے زنا کیا حالانکہ اس نے کچھ نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 48: بَابُ: {وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مَرْيَمَ إِذِ انْتَبَذَتْ مِنْ أَهْلِهَا}