صحیح بخاری 3437: بَابُ: {وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مَرْيَمَ إِذِ انْتَبَذَتْ مِنْ أَهْلِهَا}
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے روایت کی۔ اور محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی ہے۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا کہ سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس رات مجھے لے جایا گیا۔ میں موسیٰ سے ملا۔ عبدالرزاق نے کہا: معمر نے ان کا حلیہ روایت کیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے یوں کہا: میں کیا دیکھتا ہوں کہ وہ پتلے لمبے آدمی ہیں۔ سیدھے بالوں والے جیسے شنوء ہ قبیلہ کے آدمی ہوتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں عیسیٰ سے ملا اور نبی ﷺ نے ان کا حلیہ بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ میانہ قد سرخ رنگ کے تھے۔ ایسے تروتازہ کہ جیسے وہ حمام سے نکلے تھے اور میں نے ابراہیم کو دیکھا، ان کی اولاد میں سے مَیں ان سے زیادہ ہم شکل ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: میرے پاس دو برتن لائے گئے۔ ان میں سے ایک میں دودھ تھا اور دوسرے میں شراب اور مجھے کہا گیا: ان میں سے جس کو تم چاہو لے لو۔ میں نے دودھ لیا اور اس کو پیا۔ تو مجھ سے کہا گیا: فطرت کی تمہیں رہنمائی کی گئی ہے یا تم نے فطرت کو اختیار کیا ہے۔ دیکھو! اگر تم شراب لیتے تو تمہاری امت کج روی اختیار کرتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 48: بَابُ: {وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مَرْيَمَ إِذِ انْتَبَذَتْ مِنْ أَهْلِهَا}