صحیح بخاری 3500: باب مَنَاقِبِ قُرَيْشٍ
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: محمد بن جبیر بن مطعم بیان کرتے تھے کہ حضرت معاویہؓ کو خبر پہنچی اور وہ اس وقت قریش کے ایک وفد کے ساتھ ان کے پاس تھے کہ حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ بیان کرتے تھے کہ عنقریب قحطان سے ایک بادشاہ ہوگا۔ یہ سن کر حضرت معاویہؓ غصے میں آئے اور کھڑے ہوئے اور انہوں نے اللہ کی تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر کہا: اما بعد! مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ تم میں سے بعض ایسی باتیں بیان کرتے ہیں جو نہ کتاب اللہ میں ہیں اور نہ رسول اللہ ﷺ سے منقول ہیں۔ یہ تم میں سے وہی لوگ ہیں جو بالکل جاہل ہیں۔ اس لئے جھوٹے خیالات سے بچو، جن خیالات نے ان کو گمراہ کر رکھا ہے کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا ہے۔ آپؐ فرماتے تھے کہ یہ امر (یعنی امارت و سرداری) قریش میں ہی رہے گا جس نے بھی ان سے دشمنی رکھی، اللہ اسے منہ کے بل اوندھا کرے گا جب تک وہ دین پر برقرار رہیں۔