صحیح بخاری 3505: باب مَنَاقِبِ قُرَيْشٍ
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا، کہا: ابوالاسود نے مجھے بتایا کہ عروہ بن زبیر سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن زبیرؓ حضرت عائشہؓ کو نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کے بعد باقی تمام لوگوں سے زیادہ محبوب تھے اور وہ تمام لوگوں سے بڑھ کر حضرت عائشہؓ سے سلوک کیا کرتے تھے اور حضرت عائشہؓ کے پاس اللہ کے رزق سے جو کچھ آتا، اپنے پاس نہ رکھ چھوڑتیں، صدقہ کر دیتی تھیں۔ یہ دیکھ کر حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ نے کہا: ان کے ہاتھوں کو روکنا چاہیے۔ وہ کہنے لگیں: کیا میرے ہاتھوں کو روکا جائے گا؟ مجھ پر نذر ہوگی اگر میں نے اس سے بات کی۔ پھر حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے ان کے پاس قریش میں سے کئی آدمیوں اور خاص کر رسول اللہ ﷺ کے ننھیال والوں سے سفارش کرائی۔ مگر وہ نہ مانیں تو نبی ﷺ کے ننھیال زہریوں نے جن میں حضرت عبدالرحمٰنؓ بن اسود بن عبدیغوث اور حضرت مِسْوَر بن مخرمہؓ بھی تھے، (حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے کہا:) جب ہم اندر جانے کی اجازت لیں تو تم بھی پردہ سے جا گھسنا۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر حضرت عبداللہؓ نے حضرت عائشہؓ کو دس غلام بھیجے اور حضرت عائشہؓ نے ان کو آزاد کر دیا۔ پھر وہ غلام آزاد کرتی رہیں یہاں تک کہ چالیس تک ان کی تعداد پہنچ گئی اور کہنے لگیں: میری آرزو ہے کہ کاش جب میں نے قسم کھائی تھی، میں کوئی ایسا کام مقرر کرتی کہ جس کو میں کر کے اس نذر سے فارغ ہو جاتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah