صحیح بخاری 3510: کتاب المناقب
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو جمرہ سے، انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عبدالقیس کے نمائندے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! ہم ربیعہ کے قبیلہ سے ہیں۔ ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر کے کفار حائل ہیں۔ ہم آپؐ تک سلامتی سے نہیں پہنچ سکتے مگر ماہِ حرام میں ہی۔ اگر آپؐ ہمیں ایسی بات کا حکم دیں کہ جو ہم آپؐ سے سیکھ لیں اور ان کو بھی بتائیں جو ہمارے پیچھے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم کو چار باتیں کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے منع کرتا ہوں۔ اللہ پر ایمان لانا یعنی یہ شہادت دینا کہ اللہ کے سوا اور کوئی معبود نہیں اور نماز سنوار کر پڑھنا اور زکوٰة دینا اور اللہ کے لئے اس غنیمت کا پانچواں حصہ ادا کرنا جو تم حاصل کرو اور میں تم کو کدو کے تونبے اور سبز لاکھی برتن اور لکڑی کے کریدے ہوئے برتن اور رال کے روغنی برتن سے منع کرتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah