صحیح بخاری 3682: باب مَنَاقِبُ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ أَبِي حَفْصٍ الْقُرَشِيِّ الْعَدَوِيِّ رَضِيَ اللَّه …
محمد بن عبداللہ بن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن بشر نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عبیداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوبکر بن سالم نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے سالم سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: خواب میں مجھے دکھایا گیا کہ میں ایک کنوئیں پر کھڑا ڈول سے جو چرخی پر رکھا ہوا تھا پانی کھینچ کر نکال رہا ہوں۔ اتنے میں ابوبکرؓ آئے اور انہوں نے ایک یا دو ڈول کھینچ کر اس طور سے نکالے کہ ان کے کھینچنے میں کمزوری تھی اور اللہ ان کی کمزوری پر پردہ پوشی کرے گا اور ان سے درگذر فرمائے گا۔ پھر عمر بن خطابؓ آئے اور وہ ڈول بڑا چرسا ہو گیا تو میں نے کوئی شہ زور نہیں دیکھا جو ایسا حیرت انگیز کام کرتا ہو جیسا عمرؓ نے کیا۔ اتنا پانی نکالا کہ لوگ سیر ہوگئے اور اپنے اپنے ٹھکانوں پر جا بیٹھے۔ ابن جبیر نے کہا: عَبْقَرِيّ (آذربائیجان کے بنے ہوئے) اعلیٰ غالیچوں کو کہتے ہیں۔ اور يحيٰ نے کہا: ذَرَابِي وہ نیچے بچھانے کے فرش ہیں جن میں باریک مخمل کے دھاگے ہوتے ہیں۔ اور ذَرَابِيُّ مَبْثُوْثَةٌ کے معنی ہیں بہت سے بچھے ہوئے قالین۔ {اور عبقری سردار کو بھی کہتے ہیں۔}
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah