صحیح بخاری 3685: باب مَنَاقِبُ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ أَبِي حَفْصٍ الْقُرَشِيِّ الْعَدَوِيِّ رَضِيَ اللَّه …
عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ عمر بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ملیکہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ جنازے کے لئے رکھے گئے اور لوگ ان کے گرد کھڑے ہوگئے۔ ان کے اُٹھانے سے پہلے دعا کرنے لگے۔ پھر نماز جنازہ پڑھنے لگے اور میں بھی ان میں موجود تھا تو ایک شخص نے میرا کندھا پکڑ کر چونکا دیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت علیؓ بن ابی طالب ہیں۔ وہ حضرت عمرؓ کے لئے رحمت کی دعا کرنے لگے اور کہا: آپ نے کوئی ایسا شخص نہیں چھوڑا جو آپ سے بڑھ کر مجھے پیارا ہو اس لحاظ سے کہ میں ان جیسے عمل کرتے اللہ سے ملوں۔ بخدا میں یہی سمجھتا تھا کہ اللہ آپ کو بھی آپ کے ساتھیوں کے ساتھ ہی رکھے گا اور میں جانتا ہوں کہ نبی ﷺ سے بہت دفعہ میں یہ سنا کرتا تھا۔ آپؐ فرمایا کرتے تھے: میں اور ابوبکرؓ اور عمرؓ گئے۔ میں اور ابوبکرؓ اور عمرؓ داخل ہوئے۔ میں اور ابوبکرؓ اور عمرؓ نکلے۔