صحیح بخاری 3692: باب مَنَاقِبُ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ أَبِي حَفْصٍ الْقُرَشِيِّ الْعَدَوِيِّ رَضِيَ اللَّه …
صلت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے مجھے بتایا کہ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت مسوَر بن مخرمہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب حضرت عمرؓ کو زخمی کیا گیا، درد سے بیقرار ہونے لگے۔ حضرت ابن عباسؓ نے ان سے کہا جیسے کہ وہ ان کی بے قراری کو دور کرنے لگے ہیں۔ امیر المؤمنین! اگر آپ کو یہ تکلیف ہے تو آپ رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں رہ چکے ہیں اور آپ نے نہایت عمدگی سے آپؐ کا ساتھ دیا۔ پھر آپ ان سے ایسی حالت میں جدا ہوئے کہ آنحضرتﷺ آپؓ سے خوش تھے۔ پھر آپؓ حضرت ابوبکرؓ کے ساتھ رہے اور نہایت عمدگی سے ان کا ساتھ دیا۔ پھر آپ ان سے ایسی حالت میں جدا ہوئے کہ وہ آپ سے خوش تھے۔ پھر آپ ان کے صحابہ کے ساتھ رہے اور آپ نے نہایت عمدگی سے ان کا ساتھ دیا اور اگر آپ ان سے جدا ہوگئے تو یقینا آپ ایسی حالت میں ان سے جدا ہوں گے کہ وہ آپ سے خوش ہوں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یہ جو تم نے رسول اللہ ﷺ کی صحبت اور آپؐ کی خوشنودی کا ذکر کیا ہے تو یہ محض اللہ تعالیٰ کا احسان ہے جو اس نے مجھ پر کیا۔ اور جو تم نے حضرت ابوبکرؓ کی صحبت اور ان کی خوشنودی کا ذکر کیا ہے تو یہ بھی محض اللہ جل ذکرہٗ کا احسان ہے جو اس نے مجھ پر کیا اور یہ جو تم میری گھبراہٹ دیکھ رہے ہو تو یہ تمہاری خاطر اور تمہارے ساتھیوں کی خاطر ہے۔ اللہ کی قسم! اگر میرے پاس زمین بھر سونا بھی ہو تو میں ضرور اللہ عزو جل کے عذاب سے فدیہ دے کر چھڑا لوں پیشتر اس کے کہ میں وہ عذاب دیکھوں۔ حماد بن زید نے کہا: ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، ابن ابی ملیکہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ میں حضرت عمرؓ کے پاس گیا۔ پھر یہی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah