صحیح بخاری 3693: باب مَنَاقِبُ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ أَبِي حَفْصٍ الْقُرَشِيِّ الْعَدَوِيِّ رَضِيَ اللَّه …
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عثمان بن غیاث نے مجھے بتایا کہ ابو عثمان نہدی نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابو موسیٰ ؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نبی ﷺ کے ساتھ مدینہ کے باغوں میں سے ایک باغ میں تھا، اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے دروازہ کھولنے کیلئے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اس کیلئے دروازہ کھولو اور اس کو جنت کی بشارت دو۔ میں نے اس کے لئے دروازہ کھولا تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت ابو بکرؓ ہیں۔ میں نے ان کو اس بات کی بشارت دی جو نبی ﷺ نے فرمائی تھی۔ انہوں نے الحمد للہ کہا۔ پھر ایک شخص آیا اور اس نے دروازہ کھولنے کیلئے کہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کے لئے دروازہ کھولو اور اس کو جنت کی بشارت دو۔ میں نے دروازہ کھولا تو دیکھتا ہوں کہ حضرت عمرؓ ہیں۔ میں نے ان کو وہ بات بتائی جو نبی ﷺ نے فرمائی۔ انہوں نے الحمد للہ کہا۔ پھر ایک شخص نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے لئے دروازہ کھولو اور اس کو بھی جنت کی بشارت دو، باوجود ایک مصیبت کے جو اُسے پہنچے گی۔ تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہ حضرت عثمانؓ ہیں۔ میں نے ان کو وہ بات بتائی جو نبی ﷺ نے فرمائی۔ انہوں نے بھی الحمد للہ کہا۔ پھر کہا: مصیبت سے محفوظ رہنے کے لئے اللہ ہی سے مدد طلب کی جا سکتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah