صحیح بخاری 3733
نیز علی(بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مخزومی عورت کے واقعہ کے متعلق زہری سے میں پوچھنے گیا تو انہوں نے مجھے ڈانٹا۔ (علی بن مدینی کہتے تھے:) میں نے سفیان سے پوچھا: کیا پھر آپ نے یہ حدیث کسی سے نہیں سنی؟ انہوں نے کہا: میں نے ایک کتاب میں اسے پایا جو ایوب بن موسیٰ نے لکھی تھی کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ بنی مخزوم کی ایک عورت نے چوری کی تو لوگوں نے کہا: اس کے متعلق نبی ﷺ سے کون سفارش کرے گا؟ تو آپؐ سے بات کرنے کی کسی نے بھی جرأت نہ کی۔ آخر حضرت اُسامہ بن زیدؓ نے آپؐ سے بات کی تو آپؐ نے فرمایا: بنی اسرائیل بھی ایسے تھے کہ جب ان میں سے کوئی بڑا آدمی چوری کرتا تو اس کو چھوڑ دیتے اور جب غریب چوری کرتا تو اس کے ہاتھ کاٹ ڈالتے۔ اگر فاطمہؓ بھی چوری کرے تو میں اس کا ہاتھ بھی ضرور کاٹوں گا۔