صحیح بخاری 3737: باب ذِكْرُ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ
ابو عبداللہ (امام بخاری) نے کہا: اور سلیمان بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عبدالرحمٰن بن نمر نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ حرملہ نے جو حضرت اُسامہ بن زیدؓ کے آزاد کردہ غلام تھے، مجھ سے بیان کیا کہ اسی دوران کہ وہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے ساتھ تھے، حجاج بن ایمن (مسجد میں) آئے۔ انہوں نے اپنا رکوع اور سجدہ پورا نہ کیا تو حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے کہا: دوبارہ پڑھو۔ جب حجاج پیٹھ موڑ کر چلا تو حضرت ابن عمرؓ نے مجھ سے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: حجاج بن ایمن بن امّ ایمن۔ تو حضرت ابن عمرؓ نے کہا: اگر رسول اللہ ﷺ اس کو دیکھتے تو اس سے محبت کرتے۔ پھر انہوں نے حضرت امّ ایمنؓ کی اولاد سے آپؐ کی محبت کا ذکر کیا۔ (ابو عبداللہ امام بخاری نے) کہا: اور میرے بعض ساتھیوں نے سلیمان (بن عبدالرحمٰن) سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے یہی بیان کیا اور اس میں یہ الفاظ بھی ہیں: اور امّ ایمن نبی ﷺ کی کھلائی بھی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah