صحیح بخاری 3761: باب مَنَاقِبُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ رضى الله عنه
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوعوانہ سے، ابوعوانہ نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی کہ میں شام گیا اور میں نے دو رکعتیں پڑھیں۔ میں نے کہا: اے اللہ! میرے لئے کوئی اچھا ہم نشین میسر کر۔ پھر میں نے ایک بزرگ کو سامنے سے آتے ہوئے دیکھا۔ جب وہ قریب آئے تو میں نے دل میں کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ اللہ نے میری دعا قبول فرمائی ہے۔ انہوں نے پوچھا: تم کہاں سے ہو؟ میں نے کہا: اہل کوفہ سے۔ انہوں نے کہا: کیا تم میں وہ شخص نہیں تھا جو جوتی اور تکیہ اور آنحضرت ﷺ کا وضو کا برتن اپنے پاس رکھتا تھا؟ کیا وہ شخص تم میں نہ تھا جسے اللہ نے شیطان سے پناہ دی؟ کیا تم میں وہ رازدار نہیں جس راز کو اس کے سوا کوئی نہیں جانتا؟ امّ عبد کے بیٹے (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) سورۃ وَالَّیْلِ کس طرح پڑھتے تھے؟ میں نے پڑھا: وَالَّيْلِ اِذَا يَغْشَى۰۰ وَالنَّهَارِ اِذَا تَجَلّٰى۰۰ وَالذَّكَرِ وَالْأُنْثَى۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھے بھی منہ در منہ یہی پڑھایا تھا۔ یہ لوگ میرے پیچھے پڑے رہے یہاں تک کہ قریب تھا کہ مجھے اس قراءت سے ہٹا دیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 27: باب مَنَاقِبُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ رضى الله عنه