صحیح بخاری 3872: باب هِجْرَةِ الْحَبَشَةِ
عبداللہ بن محمد جعفی نے ہمیں بتایا کہ ہشام نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے کہ (انہوں نے کہا:) عروہ بن زبیر نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن عدی بن خیار نے ان کو بتایا کہ حضرت مِسور بن مخرمہؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن اسود بن عبد یغوثؓ دونوں نے ان سے کہا: تم کو اپنے ماموں حضرت عثمانؓ سے ان کے بھائی ولید بن عقبہ کے بارے میں گفتگو کرنے سے کیا بات روک رہی ہے اور جو کچھ ولید نے کیا تھا اس کے متعلق لوگوں میں بہت کچھ چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں۔ عبیداللہ کہتے تھے: حضرت عثمانؓ جب نماز کے لئے نکلے، میں ان سے ملنے کیلئے کھڑا ہوا۔ میں نے ان سے کہا: مجھے آپ سے ایک کام ہے اور وہ ایک خیرخواہی ہے۔ حضرت عثمانؓ نے یہ سن کر کہا: بھلے آدمی میں تم سے اللہ کی پناہ لیتا ہوں۔ یہ سن کر میں واپس آگیا۔ جب میں نماز پڑھ چکا تو میں مِسْور اور ابن عبد یغوث کے پاس بیٹھ گیا۔ میں نے انہیں بتایا جو کچھ کہ میں نے حضرت عثمانؓ سے کہا اور حضرت عثمانؓ نے جو مجھے کہا۔ ان دونوں نے کہا: جو فرض تمہارے ذمہ تھا وہ تم ادا کر چکے۔ ابھی میں ان کے پاس بیٹھا ہوا ہی تھا کہ اتنے میں حضرت عثمانؓ کا ایلچی میرے پاس آیا۔ ان دونوں نے مجھے کہا: اللہ نے تمہیں آزمایا ہے۔ میں چل پڑا اور حضرت عثمانؓ کے پاس گیا۔ انہوں نے پوچھا: تمہاری وہ خیرخواہی کی بات کیا ہے جس کا تم نے ابھی ذکر کیا تھا؟ عبیداللہ کہتے تھے: میں نے کلمہ شہادت پڑھ کر کہا: دیکھو! اللہ نے محمد ﷺ کو مبعوث کیا اور ان پر کتاب اتاری اور آپ ان لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی باتوں کو قبول کیا اور اللہ پر ایمان لائے اور آپ نے پہلی دو ہجرتیں کیں اور رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رہے اور آپؐ کی راست روی کا مشاہدہ کیا۔ بات یہ ہے کہ لوگ ولید بن عقبہ کے معاملہ میں بہت کچھ کہہ چکے ہیں۔ آپ کا فرض ہے کہ اس کو شرعی سزا دیں۔ حضرت عثمانؓ نے یہ سن کر مجھ سے کہا: میرے بھتیجے! کیا تم نے رسول اللہ ﷺ کا زمانہ پایا ہے؟ عبیداللہ کہتے تھے: میں نے کہا: نہیں، مگر مجھے آنحضرت ﷺ کے علم سے وہ کچھ پہنچ چکا ہے جو ایک کنواری کو بھی اس کے پردے میں معلوم ہو چکا ہے۔ عبیداللہ کہتے تھے: تب حضرت عثمانؓ نے کلمہ شہادت پڑھا اور کہا: بے شک اللہ نے محمد ﷺ کو برحق مبعوث کیا اور ان پر کتاب اتاری اور میں ان لوگوں میں سے ہوں جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول کو قبول کیا اور جو دین محمد ﷺ کو دے کر بھیجا گیا اس پر میں ایمان لایا اور جیسا تم نے کہا ہے، میں نے پہلی دو ہجرتیں بھی کیں اور رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رہا اور آپ کی بیعت کی اور بخدا میں نے آپ کی نافرمانی نہیں کی اور نہ آپ سے کوئی دغا کیا۔ یہاں تک کہ اللہ نے آپ کو وفات دی۔ اس کے بعد اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو خلیفہ بنایا۔ بخدا میں نے ان کی بھی نافرمانی نہیں کی اور نہ ان سے کوئی دغا کیا۔ پھر اس کے بعد حضرت عمرؓ کو خلیفہ بنایا گیا۔ بخدا میں نے ان کی بھی نافرمانی نہیں کی اور نہ ان سے دغا کیا۔ اس کے بعد مجھے خلیفہ بنایا گیا۔ پھر کیا تم پر میری (اطاعت) ایسی ضروری نہیں جیسے ان کی مجھ پر تھی؟ عبیداللہ نے کہا: کیوں نہیں؟ حضرت عثمانؓ نے فرمایا: تو پھر یہ کیا باتیں ہیں جو تمہارے متعلق مجھے پہنچتی ہیں اور وہ بات جو تم نے ولید بن عقبہ کے متعلق ذکر کی ہے اس کے متعلق جو واجب ہے وہ ہم انشاء اللہ ضرور کریں گے۔ عبیداللہ کہتے تھے: چنانچہ حضرت عثمانؓ نے ولید کو چالیس کوڑے لگوائے اور حضرت علیؓ کو اسے کوڑے لگانے کا حکم دیا اور وہی اس کو کوڑے مار رہے تھے۔ یونس اور زہری کے بھتیجے نے زہری سے روایت کرتے ہوئے یہ الفاظ روایت کئے: پھر کیا میرا تم پر ویسا حق نہیں جیسا ان کا تھا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاری) نے کہا: بَلَآءٌ مِّنْ رَّبِّكُمْ سے مراد وہ (معاملہ) ہے جس سے تم شدید آزمائے گئے۔ اور لفظ اَلْبَلَاءُ آزمائش میں ڈالنے اور خالص بنانے کے معانی میں بھی آیا ہے۔ مَنْ بَلَوْتُہُ وَمَحَّـصْتُہُ کے معنی ہیں کہ جو کچھ اس کے اندر تھا میں نے اسے باہر نکال لیا۔ یَبْلُوْ کے معانی ہیں وہ جانچتا ہے۔ مُبْتَلِیْکُمْ کے معانی ہیں تمہیں آزمانے والا۔ اور اللہ تعالیٰ کا قول بَلَاءٌ عَظِیْمٌ نعماء سے متعلق ہے اور یہ أَبْلَیْتُہُ سے ہے۔ اور وہ (یعنی لفظ ابتلاء) اِبْتَلَیْتُہُ سے ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah