صحیح بخاری 3892: باب وُفُودُ الأَنْصَارِ إِلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِمَكَّةَ وَبَيْعَةُ الْعَقَبَ …
اسحاق بن منصور نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی۔ ابن شہاب کے بھتیجے نے اپنے چچا ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: ابو ادریس عائذ اللہ بن عبد اللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عبادہ بن صامتؓ بھی ان لوگوں میں سے تھے جو رسول اللہ ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک ہوئے تھے؛ نیز آپؐ کے ان صحابہؓ میں سے بھی تھے جو عقبہ کی رات کو موجود تھے۔ انہوں نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اور اس وقت آپؐ کے گرد آپؐ کے صحابہؓ میں سے ایک جماعت تھی۔ آؤ اس امر پر مجھ سے بیعت کرو کہ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراؤ گے اور نہ تم چوری کرو گے اور نہ زنا کرو گے اور نہ اپنے بچوں کو قتل کرو گے اور نہ تم کسی بہتان کا ارتکاب کرو گے۔ جس کو تم اپنی طرف سے گھڑتے ہو اور اچھی بات میں میری نافرمانی نہ کرو گے۔ سو جس نے تم میں سے اپنا عہد پورا کیا تو اس کا اجر اللہ کے ذمہ ہے۔ اور جس نے اس میں سے کمی کی تو پھر اسی دنیا میں اسے سزا مل جائے گی تو وہ آخرت کے عذاب کے لئے بطور کفارہ ہوگا اور جو کوئی گناہوں میں سے گناہ کرے پھر اللہ نے اس کی پردہ پوشی کی تو اس کا معاملہ اللہ کے ساتھ ہے۔ اگر چاہے تو سزا دے اور اگر چاہے تو اس سے درگذر کرے۔ حضرت عبادہؓ نے کہا: چنانچہ ہم نے آپؐ کی ان باتوں پر بیعت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 43: باب وُفُودُ الأَنْصَارِ إِلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِمَكَّةَ وَبَيْعَةُ الْعَقَبَةِ