صحیح بخاری 4075
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت سہل بن سعدؓ سے سنا اور اس وقت ان سے رسول اللہ ﷺ کے زخم کی بابت پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: مجھ سے پوچھتے ہو تو اللہ کی قسم میں خوب جانتا ہوں کہ کون رسول اللہ ﷺ کا زخم دھو رہا تھا اور کون پانی ڈال رہا تھا اور کیا دوا لگائی گئی تھی۔ حضرت سہلؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہ علیہ السلام زخم دھو رہی تھیں اور حضرت علیؓ ڈھال میں سے پانی ڈال رہے تھے۔ جب حضرت فاطمہؓ نے دیکھا کہ پانی خون کو اور نکال رہا ہے تو انہوں نے بوریا کا ایک ٹکڑا لیا اور اس کو جلایا اور چپٹا دیا۔ اس سے خون رُک گیا اور اس دن آپؐ کا سامنے والا دانت ٹوٹ گیا اور آپؐ کا چہرہ زخمی ہو گیا تھا اور آپ کا خَود آپؐ کے سر پر ٹوٹ گیا۔
کتاب 24: باب مَا أَصَابَ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم مِنَ الْجِرَاحِ يَوْمَ أُحُدٍ