صحیح بخاری 4121: بَابُ مَرْجَعِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنَ الأَحْزَابِ وَمَخْرَجِهِ …
محمد بن بشار نے مجھے بتایا۔ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد (بن ابراہیم) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے ابواُمامہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: بنوقریظہ خواہش مند ہوئے کہ حضرت سعد بن معاذؓ جو فیصلہ کردیں گے وہ ہمیں منظور ہوگا۔ سو نبی ﷺ نے حضرت سعدؓ کو بلا بھیجا۔ وہ گدھے پر سوار جب مسجد کے قریب پہنچے تو آپؐ نے انصار سے کہا: اپنے سردار کے استقبال کو اُٹھو، یا فرمایا: اپنے سے بہتر شخص کے استقبال کو اُٹھو۔ آپؐ نے (ان سے) فرمایا: یہ لوگ آپؓ کے فیصلہ کے خواہش مند ہیں۔ حضرت سعدؓ نے کہا: ان میں سے جو لڑنے والے ہیں انہیں آپؐ قتل کردیں اور ان کے بال بچوں کو قید کرلیں۔ آپؐ نے فرمایا: تم نے اللہ ہی کے فیصلہ کے مطابق فیصلہ کیا ہے، یا فرمایا: جیسے بادشاہ (یعنی خدا) کا حکم تھا ویسے فیصلہ کیا ہے۔