صحیح بخاری 4177: باب غَزْوَةِ الْحُدَيْبِيَةِ
عبداللہ بن یوسف نے مجھ سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ اپنے کسی سفر میں رات کو جا رہے تھے اور حضرت عمر بن خطابؓ بھی آپؐ کے ساتھ تھے، حضرت عمر بن خطابؓ نے آپؐ سے کسی بات کی نسبت پوچھا۔ رسول اللہ ﷺ نے جواب نہ دیا۔ پھر آپؐ سے پوچھا اور آپؐ نے پھر جواب نہ دیا۔ پھر انہوں نے آپؐ سے پوچھا اور آپؐ نے ان کو جواب نہ دیا۔ حضرت عمر بن خطابؓ نے (اپنے دل میں یہ) کہا: عمر تیری ماں تجھے کھوئے تو نے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے پڑ کر تین بار پوچھا ہے اور ہر دفعہ آپؐ نے تجھے جواب نہیں دیا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: میں نے اونٹ کو تیز کیا اور مسلمانوں کے آگے ہو گیا اور میں ڈرا کہ کہیں میرے متعلق قرآن نازل نہ ہو۔ تھوڑی دیر ٹھہرا تھا کہ میں نے ایک پکارنے والے کو سنا جو مجھے پکار رہا تھا۔ کہتے تھے: میں نے کہا: مجھے ڈر ہے کہ کہیں میرے متعلق قرآن نازل نہ ہوا ہو۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا، میں نے آپؐ کو السلام علیکم کہا۔ آپؐ نے فرمایا: آج رات مجھ پر ایک سورۃ نازل کی گئی ہے جو مجھے ان تمام اشیاء سے زیادہ پیاری ہے جن پر سورج چڑھا ہے۔ پھر آپؐ نے یہ سورۃ پڑھی: اِنَّا فَتَحْنَا لَكَ …(یقیناً ہم نے تجھے کھلی کھلی فتح عطا کی ہے۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah