صحیح بخاری 4186: باب غَزْوَةِ الْحُدَيْبِيَةِ
شجاع بن ولید نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے نضر بن محمد سے سنا۔ (کہتے تھے:) صخر (بن جویریہ) نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: لوگ باتیں کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمرؓ نے حضرت عمرؓ سے پہلے اسلام قبول کیا۔ حالانکہ یوں نہیں بلکہ بات یہ ہوئی کہ حضرت عمرؓ نے حدیبیہ کے دن حضرت عبداللہؓ کو اپنا ایک گھوڑا جو ایک انصاری شخص کے پاس تھا، لانے کے لئے بھیجا تا اُس پر سوار ہو کر لڑیں اور رسول اللہ ﷺ شجرہ کے پاس بیعت لے رہے تھے۔ حضرت عمرؓ کو یہ پتہ نہ تھا۔ چنانچہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے آپؐ کی بیعت کی۔ پھر گھوڑا لینے گئے اور حضرت عمرؓ کے پاس لے آئے اور حضرت عمرؓ اس وقت لڑائی کے لئے زرہ پہن رہے تھے۔ حضرت عبداللہؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ درخت کے نیچے بیعت لے رہے ہیں۔ نافع کہتے تھے: یہ سنتے ہی حضرت عمرؓ چلے گئے اور ان کے ساتھ حضرت عبداللہؓ بھی گئے۔ اس وقت حضرت عمرؓ نے بھی بیعت کی۔ یہ وہ واقعہ ہے جس کی وجہ سے لوگ باتیں کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمرؓ، حضرت عمرؓ سے پہلے مسلمان ہوئے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah