صحیح بخاری 4294: كتاب المغازى

ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بشر سے, انہوں نے سعید بن جبیر سے, سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ مجھے بھی ان بزرگ صحابہ کے ساتھ جو بدر کی جنگ میں شریک تھے اپنے پاس بلایا کرتے تھے۔ ان میں سے کسی نے کہا: آپؓ اس نوجوان کو ہمارے ساتھ کیوں اندر بلا لیتے ہیں حالانکہ اس کے برابر تو ہمارے بیٹے ہیں انہوں نے فرمایا: وہ تو اُن لوگوں میں سے ہے جن کا علم و فضل تم جانتے ہو۔ (کہتے تھے:) ایک دن حضرت عمر ؓ نے اُن (بزرگ صحابہ) کو بلایا اور مجھے بھی ان کے ساتھ بلا لیا۔ انہوں نے کہا: اور میں سمجھتا تھا کہ انہوں نے مجھے اُس دن محض اس لئے بلایا تھا کہ وہ میرے علم کو انہیں دکھائیں (کہ اللہ نے مجھے کیا سمجھ دی ہے۔) حضرت عمر نے اِذَا جَآءَ نَصْرُ اللّٰهِ وَ الْفَتْحُ…… اوّل سے آخر سورة تک پڑھ کر (بزرگ صحابہ سے) پوچھا: تم اس سے کیا سمجھتے ہو؟ ان میں سے بعض نے کہا کہ ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم اللہ کی حمد کریں اور اس سے مغفرت طلب کریں، جب نصرت ملے اور ہمیں فتح ہو۔ اور اُن میں سے بعض نے کہا: ہمیں علم نہیں۔ یا اُن میں سے بعض نے کچھ بھی نہ کہا۔ حضرت عمرؓ نے مجھے کہا: ابن عباسؓ! کیا تم بھی یہی کہتے ہو؟ میں نے کہا: نہیں حضرت عمرؓ نے کہا: تم کیا سمجھتے ہو؟ میں نے کہا: اس میں رسول اللہ ﷺ کی وفات کی خبر ہے جو اللہ نے آپؐ کو بتائی۔ اِذَا جَآءَ نَصْرُ اللّٰهِ وَ الْفَتْحُ سے یہ مراد ہے کہ جب اللہ کی مدد آجائے گی اور مکہ فتح ہوگا تو یہ تیری اجل مقدر کی علامت ہے۔ اس لئے تو اپنے ربّ کی حمد کے ساتھ تسبیح کر اور اپنے لئے مغفرت طلب کر۔ یقیناً وہ رحمت کے بعد رحمت کرنے والا ہے۔ حضرت عمر ؓ نے کہا: میں بھی اس کے متعلق یہی جانتا ہوں جو تم جانتے ہو۔

حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنْ أَبِي بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ كَانَ عُمَرُ يُدْخِلُنِي مَعَ أَشْيَاخِ بَدْرٍ فَقَالَ بَعْضُهُمْ لِمَ تُدْخِلُ هَذَا الْفَتَى مَعَنَا وَلَنَا أَبْنَاءٌ مِثْلُهُ فَقَالَ إِنَّهُ مِمَّنْ قَدْ عَلِمْتُمْ. قَالَ فَدَعَاهُمْ ذَاتَ يَوْمٍ وَدَعَانِي مَعَهُمْ قَالَ وَمَا رُئِيتُهُ دَعَانِي يَوْمَئِذٍ إِلاَّ لِيُرِيَهُمْ مِنِّي فَقَالَ مَا تَقُولُونَ {إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ }-{ وَرَأَيْتَ النَّاسَ يَدْخُلُونَ} حَتَّى خَتَمَ السُّورَةَ فَقَالَ بَعْضُهُمْ أُمِرْنَا أَنْ نَحْمَدَ اللَّهَ وَنَسْتَغْفِرَهُ إِذَا نُصِرْنَا وَفُتِحَ عَلَيْنَا. وَقَالَ بَعْضُهُمْ لاَ نَدْرِي. أَوْ لَمْ يَقُلْ بَعْضُهُمْ شَيْئًا. فَقَالَ لِي يَا ابْنَ عَبَّاسٍ أَكَذَاكَ تَقُولُ قُلْتُ لاَ. قَالَ فَمَا تَقُولُ قُلْتُ هُوَ أَجَلُ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَعْلَمَهُ اللَّهُ لَهُ {إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ} فَتْحُ مَكَّةَ فَذَاكَ عَلاَمَةُ أَجَلِكَ {فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ إِنَّهُ كَانَ تَوَّابًا} قَالَ عُمَرُ مَا أَعْلَمُ مِنْهَا إِلاَّ مَا تَعْلَمُ.

باب 51: باب

مربوط حوالہ جات

قرآن کریم کی آیات

110:2 · 110:3 · 110:4

آج 10 میں سے 10 باقی