صحیح بخاری 4295: كتاب المغازى
سعید بن شرحبیل نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سعید) مقبری سے, سعید نے حضرت ابو شریح عدویؓ سے روایت کی کہ انہوں نے عمرو بن سعید سے کہا (جو اس وقت یزید کی طرف سے مدینہ کا حاکم تھا) اور وہ اس وقت مکہ کی طرف فوج بھیج رہا تھا۔ اے امیر! مجھے اجازت دیں کہ میں آپ سے ایک ایسی بات بیان کروں جس کو رسول اللہ ﷺ نے فتح مکہ کے دوسرے دن صبح کو بیان کیا۔ اس کو میرے کانوں نے سنا اور میرے دل نے یاد رکھا اور جب آپؐ وہ بات بیان فرما رہے تھے میری دونوں آنکھیں آپؐ کو دیکھ رہی تھیں۔ آپؐ نے اللہ کی حمد اور ثناء بیان کی۔ پھر فرمایا: اللہ نے مکہ کو حرم قرار دیا ہے اور لوگوں نے اس کو حرم قرار نہیں دیا۔ کسی بھی شخص کے لئے جائز نہ ہوگا جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو کہ اس میں خون بہائے اور نہ وہاں کوئی درخت کاٹے اور اگر کسی نے اس میں رسول اللہ ﷺ کے لڑنے کی وجہ سے لڑائی کی اجازت سمجھی تو تم اسے یہ کہنا کہ اللہ نے صرف اپنے رسول(ﷺ) کو اجازت دی تھی اور اس نے تمہیں اجازت نہیں دی اور مجھے بھی اس کے متعلق دن کی ایک گھڑی بھر کے لئے اجازت دی گئی تھی اور اب اس کی حرمت ویسی کی ویسی پھر قائم ہوگئی ہے جیسے کہ کل تھی اور چاہیے کہ جو حاضر ہے وہ غیر حاضر کو یہ بات پہنچا دے۔ حضرت ابو شریح ؓ سے پوچھا گیا: عمرو نے آپؓ کو کیا جواب دیا؟ انہوں نے کہا کہ عمرو کہنے لگے: ابو شریح! میں آپؓ سے بڑھ کر یہ جانتا ہوں کہ حرم کسی مجرم کو پناہ نہیں دیتا اور نہ ایسے شخص کو جو خون کرکے بھاگ گیا ہو اور نہ اُسے جو کوئی خرابی کرکے بھاگ جائے۔ ابو عبداللہ (امام بخاری) نے کہا کہ اس حدیث میں جو خَرْبَة کا لفظ ہے اس سے مراد شرارت و نقصان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah