صحیح بخاری 4391: باب قُدُومُ الأَشْعَرِيِّينَ وَأَهْلِ الْيَمَنِ
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ (محمد بن میمون) سے, ابو حمزہ نے اعمش سے, اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے, ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت (عبداللہ) بن مسعودؓ کے ساتھ بیٹھے تھے۔ اتنے میں حضرت خبابؓ (بن ارتّ) آئے۔ انہوں نے کہا: اے ابو عبدالرحمٰنؓ ! کیا یہ نوجوان قرآن پڑھ سکتے ہیں جیسا آپؓ پڑھتے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں , اگر آپؓ چاہیں، ان میں سے کسی کو کہتا ہوں کہ وہ آپؓ کو پڑھ کر سنائے۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ حضرت ابن مسعودؓ نے کہا: علقمہؓ پڑھو۔ اس پر زید بن حُدَیر جو زیاد بن حُدَیر کے بھائی تھے، بولے: کیا آپؓ علقمہ سے کہتے ہیں کہ وہ قرآن پڑھے، حالانکہ وہ ہم سے بڑھ کر قاری نہیں ہیں۔ حضرت ابن مسعودؓ نے کہا: دیکھو اگر تم چاہو تو مَیں تمہیں وہ بات بتاتا ہوں جو نبی ﷺ نے تمہاری قوم اور علقمہ کی قوم سے متعلق فرمائی ہے۔ علقمہ کہتے تھے: میں نے سورۂ مریم کی پچاس آیتیں پڑھیں۔ حضرت عبداللہؓ نے (حضرت خبابؓ سے) پوچھا: آپؓ کا کیا خیال ہے؟ انہوں نے کہا: عمدہ پڑھا ہے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: جو بھی میں پڑھتا ہوں, علقمہ بھی اسے ضرور پڑھ لیتا ہے۔ پھر انہوں نے مڑ کر حضرت خبابؓ کو دیکھا اور انہوں نے سونے کی انگوٹھی پہنی تھی۔ انہوں نے کہا: کیا ابھی اس انگوٹھی کے لئے وقت نہیں آیا کہ وہ اُتار ڈالی جائے؟ انہوں نے کہا: اچھا، اب اس کے بعد آپؓ مجھے یہ پہنے ہرگز نہ دیکھیں گے؛ اور انہوں نے وہ اُتار ڈالی۔ اسی طرح اس حدیث کو غندر نے شعبہ سے روایت کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah