صحیح بخاری 4409: باب حَجَّةُ الْوَدَاعِ
احمد بن یونس نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم نے جو کہ سعد کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عامر بن سعد سے, عامر نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ حجۃ الوداع میں میری عیادت اس بیماری میں کرنے آئے کہ جس سے مَیں قریب المرگ ہوگیا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! بیماری نے میری وہ حالت کردی ہے جو آپؐ دیکھ رہے ہیں اور میں مال دار ہوں اور میرا کوئی وارث نہیں, سوائے میری ایک بیٹی کے۔ کیا میں اپنے مال کا دو تہائی صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: کیا میں اس کا آدھا صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: تہائی؟ آپؐ نے فرمایا: تہائی بھی بہت ہے۔ دیکھو یہ کہ تم اپنے وارثوں کو غنی چھوڑ جاؤ، یہ بات بہتر ہے اس سے کہ تم اُن کو محتاج چھوڑ جاؤ کہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں۔ اور تم جو بھی ایسا خرچ کرتے ہو کہ جس سے تم اللہ کی رضامندی چاہتے ہو تو ضرور اس کا تم کو بدلہ دیا جائے گا, یہاں تک کہ اس لقمہ کا بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا میں اپنے ساتھیوں کے چلے جانے کے بعد پیچھے رہنے دیا جاؤں گا؟ آپؐ نے فرمایا: تمہیں پیچھے ہرگز نہیں رہنے دیا جائے گا۔ اگر رہیں بھی تو جو کام بھی تم ایسا کرو گے کہ جس سے تم اللہ کی رضامندی چاہو گے تو ضرور اس کام سے درجہ اور بلندی میں بڑھو گے اور شاید کہ تم دنیا میں کچھ دیر اور رہو کہ تمہارے ذریعہ بعض لوگ نفع حاصل کریں اور بعض کو تمہارے ذریعہ نقصان پہنچایا جائے۔ اے اللہ! میرے ساتھیوں کے لئے ان کی ہجرت کو آخر تک پورا کر اور ان کو ان کی ایڑھیوں کے بَل واپس نہ کر لیکن مسکین سعد بن خولہ۔ رسول اللہ ﷺ ان کے لئے افسوس کیا کرتے تھے کہ وہ مکہ میں فوت ہوگئے۔