صحیح بخاری 4417: باب غَزْوَةُ تَبُوكَ، وَهْىَ غَزْوَةُ الْعُسْرَةِ
عبیداللہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن بکر نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے عطاء (بن ابی رباح) سے سنا۔ وہ بتایا کرتے تھے، کہتے تھے: صفوان بن یعلیٰ بن امیہ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا, کہا کہ میں عسرہ کی جنگ میں نبی ﷺ کے ساتھ غزوہ میں نکلا۔ صفوان نے کہا: حضرت یعلیٰؓ کہتے تھے کہ وہ جنگ میرے نزدیک میرے تمام اعمال کی نسبت زیادہ قابل اعتماد ہے۔ عطاء نے کہا کہ صفوان نے بتایا۔ حضرت یعلیٰؓ کہتے تھے: میرا ایک نوکر بھی تھا جو ایک شخص سے لڑ پڑا تو اُن میں سے ایک نے دوسرے کے ہاتھ کو دانتوں سے کاٹا۔ عطاء نے کہا: صفوان نے یہ بھی مجھے بتایا تھا کہ ان دونوں میں سے کس نے دوسرے کو کاٹا، مگر میں یہ بھول گیا۔ کہتے تھے : جس کا ہاتھ کاٹا گیا تھا اس نے اپنے ہاتھ کو کاٹنے والے کے منہ سے جھٹکا دے کر جو چھوڑایا تو اس نے اس کے اگلے دو دانتوں میں سے ایک دانت نکال دیا۔ اس پر وہ دونوں نبی ﷺ کے پاس آئے تو آپؐ نے اس کے دانت کی کوئی دیت نہ دلوائی۔ عطاء نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ صفوان نے یہ بھی کہا تھا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: کیا وہ اپنے ہاتھ کو تمہارے منہ میں رہنے دیتا کہ تم اس کو چباتے؛ گویا وہ سانڈ کے منہ میں ہے جو چبا ڈالتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah