صحیح بخاری 4474: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: خبیب بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حفص بن عاصم (بن عمر بن خطاب) سے، حفص نے حضرت ابوسعید بن معلیٰؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں مسجد میں نماز پڑھ رہا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے مجھے بلایا۔ میں نے آپؐ کو جواب نہ دیا۔ پھر میں نے کہا: یارسول اللہ! میں نماز پڑھ رہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا اللہ نے نہیں فرمایا: اللہ اور اس کے رسول کو جواب دو جب وہ تمہیں بلائیں۔ پھر آپؐ نے مجھ سے فرمایا: پیشتر اس کے کہ مسجد سے نکلو، میں تمہیں ایک ایسی سورة کا علم دیتا ہوں جو قرآن کی تمام سورتوں میں اپنی عظمت میں بڑھ کر ہے۔ پھر آپؐ نے میرا ہاتھ پکڑا۔ جب آپؐ نے (مسجد سے) نکلنے کا ارادہ کیا، میں نے آپؐ سے کہا: کیا آپؐ نے نہیں فرمایا تھا، میں تمہیں ایسی سورة کا علم دوں گا جو قرآن کی تمام سورتوں میں اپنی عظمت میں بڑھ کر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ۔ یہی سبع مثانی اور قرآنِ عظیم ہے جو مجھے عطا کیا گیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah