صحیح بخاری 4476: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور خلیفہ (بن خیاط) نے بھی مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: مومن قیامت کے دن اکٹھے ہوں گے اور کہیں گے: اگر ہم اپنے ربّ کے پاس کسی کی سفارش حاصل کریں۔ وہ حضرت آدمؑ کے پاس آئیں گے۔ کہیں گے: آپؑ لوگوں کے باپ ہیں۔ آپؑ کو اللہ نے اپنے ہاتھ سے پیدا کیا اور ملائکہ کو آپؑ کا فرمانبردار بنایا اور آپؑ کو ہر چیز کے نام سکھائے۔ اس لئے آپؑ اپنے ربّ کے پاس ہماری سفارش کریں کہ وہ ہمیں ہماری اس حالت سے چھٹکارا دے۔ وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں (کہ سفارش کروں) اور وہ اپنا قصور یاد کریں گے اور شرم محسوس کریں گے۔ (کہیں گے:) نوحؑ کے پاس جاؤ کیونکہ وہ پہلے رسول ہیں، جن کو اللہ نے زمین والوں کی طرف بھیجا۔ وہ اُن کے پاس آئیں گے۔ حضرت نوحؑ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں (کہ سفارش کروں) اور وہ اپنے اس سوال کو یاد کریں گے جو انہوں نے اپنے ربّ سے کیا تھا۔ یعنی اس بات کا سوال جس کا انہیں علم نہیں تھا۔ وہ (اس سے) شرمندہ ہوں گے اور کہیں گے: خلیل الرحمٰن کے پاس جاؤ۔ اس پر وہ اُن کے پاس جائیں گے۔ تو (خلیل الرحمٰن) کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں (کہ سفارش کروں۔) موسیٰؑ کے پاس جاؤ۔ وہ ایسا بندہ ہے جس سے اللہ نے کلام کیا اور جس کو اُس نے تورات دی۔ چنانچہ لوگ اُن کے پاس آئیں گے۔ حضرت موسیٰؑ کہیں گے۔ میں اس مقام پر نہیں ہوں (کہ سفارش کروں) اور وہ اس نفس کا واقعۂ قتل یاد کریں گے جو انہوں نے مار ڈالا تھا، بغیر اس کے کہ اس نے کسی کو قتل کیا۔ اور وہ اپنے ربّ سے شرمندہ ہوں گے اور کہیں گے: عیسیٰؑ کے پاس جاؤ، جو اللہ کے بندے اور اُس کے رسول اور کلمۃ اللہ اور رُکن روح تھے۔ حضرت عیسیٰؑ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں، محمد ﷺ کے پاس جاؤ، جو ایسے بندے ہیں کہ اللہ نے ان کو پہلے بھی گناہوں سے محفوظ رکھا اور بعد میں بھی۔ چنانچہ لوگ میرے پاس آئیں گے۔ مَیں چلا جاؤں گا، جاکر مَیں اپنے ربّ سے اجازت طلب کروں گا اور مجھے اجازت دی جائے گی۔ جب میں اپنے ربّ کو دیکھوں گا، میں سجدہ میں گر پڑوں گا اور جب تک اللہ چاہے گا، مجھے سجدہ میں رہنے دے گا۔ پھر کہا جائے گا: اپنا سر اُٹھاؤ۔ مانگو تمہیں دیا جائے گا اور کہو تمہاری سنی جائے گی اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ تب میں اپنا سر اُٹھاؤں گا اور میں اُس کی وہ حمد بیان کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا اور اس کے بعد میں سفارش کروں گا اور وہ میرے لئے حدّ مقرر کرے گا اور میں (اس حدّ کے اندر اندر) لوگوں کو جنت میں داخل کروں گا۔ پھر میں اس کی طرف دوبارہ جاؤں گا اور جب اپنے ربّ کو دیکھوں گا تو اسی طرح (سجدہ میں گر پڑوں گا۔) اس کے بعد مَیں سفارش کروں گا تو وہ میرے لیے حد مقرر کر دے گا اور میں (اس حدّ کے اندر اندر) لوگوں کو جنت میں داخل کروں گا۔ پھر تیسری دفعہ اور چوتھی دفعہ اس کے پاس واپس جاؤں گا اور میں کہوں گا: اب آگ میں وہی باقی ہیں جن کے رہنے کی بابت قرآن نے کہا ہے اور جن کا دیر تک رہنا ضروری ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اِلَّا مَنْ حَبَسَہُ الْقُرْآنُ سے اللہ تعالیٰ کا یہ قول مراد ہے: وہ اس میں لمبے عرصے تک رہیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah