صحیح بخاری 4480: باب قَوْلُهُ ‏{‏مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِجِبْرِيلَ‏}‏

عبداللہ بن منیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبداللہ بن بکر سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) حمید نے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے رسول اللہ ﷺ کی آمد سے متعلق سنا اور وہ اس وقت (اپنی) ایک زمین میں پھل چن رہے تھے۔ (سنتے ہی) نبی ﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: میں آپؐ سے تین باتوں کے بارے میں پوچھتا ہوں جو سوائے نبی کے کوئی نہیں جانتا: اُس گھڑی کی علامتوں میں سے پہلی علامت کیا ہے؟ اور جنتیوں کا پہلا کھانا کیا ہوگا؟ اور بچہ اپنی ماں یا اپنے باپ سے کیوں مشابہہ ہوتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: جبریل نے مجھے ان باتوں سے متعلق ابھی بتایا ہے۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: جبریل؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: وہی (جبریل) جو ملائکہ میں سے یہود کا دشمن ہے، تو آپؐ نے یہ آیت پڑھی: جو شخص جبریل کا اس لئے دشمن ہے کہ اس نے تیرے دل پر یہ (قرآن) نازل کیا ہے۔ اس گھڑی کی پہلی علامت ایک آگ ہو گی جو لوگوں کو مشرق سے مغرب کی طرف اکٹھا کرکے لے جائے گی، اور جنتیوں کا پہلا کھانا مچھلی کے جگر کا بڑھا ہوا حصہ ہو گا، اور اگر مرد کا پانی عورت کے پانی سے سبقت لے جائے تو بچہ اس کے مشابہہ ہوجاتا ہے اور اگر عورت کا پانی سبقت لے جائے تو بچے کو اپنے مشابہہ کرلیتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: میں اقرار کرتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور اقرار کرتا ہوں کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں۔ یا رسول اللہ! یہود بڑے مفتری لوگ ہیں، اگر انہوں نے جان لیا کہ میں نے اسلام قبول کر لیا ہے، (پیشتر اس کے کہ) آپؐ ان سے (میرے متعلق) پوچھیں تو وہ مجھ پر بہتان لگائیں گے۔ پھر یہود آئے تو نبی ﷺ نے پوچھا: عبداللہ تم میں کیسے آدمی ہیں؟ کہنے لگے: ہم میں سے بہتر ین ہیں اور ہم میں سے بہترین کے بیٹے ہیں اور ہمارے سردار ہیں اور ہمارے سردار کے بیٹے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: بھلا بتاؤ تو سہی اگر عبداللہ بن سلامؓ اسلام قبول کرلے (تم بھی کر لو گے؟) کہنے لگے: اللہ ان کو اس سے پناہ میں رکھے۔ یہ سن کر حضرت عبداللہؓ باہر آگئے اور کہنے لگے: میں اقرار کرتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدؐ اللہ کے رسول ہیں۔ وہ کہنے لگے: ہم میں سے بد ترین ہے، اور ہم میں سے بدترین کا بیٹا ہے اور ان کے نقائص بیان کرنے لگے۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ ہے وہ بات جس سے میں ڈرتا تھا۔

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُنِيرٍ سَمِعَ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ بَكْرٍ حَدَّثَنَا حُمَيْدٌ عَنْ أَنَسٍ قَالَ سَمِعَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ سَلاَمٍ بِقُدُومِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَهْوَ فِي أَرْضٍ يَخْتَرِفُ فَأَتَى النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ إِنِّي سَائِلُكَ عَنْ ثَلاَثٍ لاَ يَعْلَمُهُنَّ إِلاَّ نَبِيٌّ فَمَا أَوَّلُ أَشْرَاطِ السَّاعَةِ وَمَا أَوَّلُ طَعَامِ أَهْلِ الْجَنَّةِ وَمَا يَنْزِعُ الْوَلَدُ إِلَى أَبِيهِ أَوْ إِلَى أُمِّهِ قَالَ " أَخْبَرَنِي بِهِنَّ جِبْرِيلُ آنِفًا ". قَالَ جِبْرِيلُ قَالَ " نَعَمْ ". قَالَ ذَاكَ عَدُوُّ الْيَهُودِ مِنَ الْمَلاَئِكَةِ. فَقَرَأَ هَذِهِ الآيَةَ {مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِجِبْرِيلَ فَإِنَّهُ نَزَّلَهُ عَلَى قَلْبِكَ} أَمَّا أَوَّلُ أَشْرَاطِ السَّاعَةِ فَنَارٌ تَحْشُرُ النَّاسَ مِنَ الْمَشْرِقِ إِلَى الْمَغْرِبِ وَأَمَّا أَوَّلُ طَعَامِ أَهْلِ الْجَنَّةِ فَزِيَادَةُ كَبِدِ حُوتٍ وَإِذَا سَبَقَ مَاءُ الرَّجُلِ مَاءَ الْمَرْأَةِ نَزَعَ الْوَلَدَ وَإِذَا سَبَقَ مَاءُ الْمَرْأَةِ نَزَعَتْ ". قَالَ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ وَأَشْهَدُ أَنَّكَ رَسُولُ اللَّهِ. يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّ الْيَهُودَ قَوْمٌ بُهُتٌ وَإِنَّهُمْ إِنْ يَعْلَمُوا بِإِسْلاَمِي قَبْلَ أَنْ تَسْأَلَهُمْ يَبْهَتُونِي. فَجَاءَتِ الْيَهُودُ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " أَىُّ رَجُلٍ عَبْدُ اللَّهِ فِيكُمْ ". قَالُوا خَيْرُنَا وَابْنُ خَيْرِنَا وَسَيِّدُنَا وَابْنُ سَيِّدِنَا. قَالَ " أَرَأَيْتُمْ إِنْ أَسْلَمَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ سَلاَمٍ ". فَقَالُوا أَعَاذَهُ اللَّهُ مِنْ ذَلِكَ. فَخَرَجَ عَبْدُ اللَّهِ فَقَالَ أَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ. فَقَالُوا شَرُّنَا وَابْنُ شَرِّنَا. وَانْتَقَصُوهُ. قَالَ فَهَذَا الَّذِي كُنْتُ أَخَافُ يَا رَسُولَ اللَّهِ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 6: باب قَوْلُهُ ‏{‏مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِجِبْرِيلَ‏}‏

مربوط حوالہ جات

قرآن کریم کی آیات

2:98

آج 10 میں سے 10 باقی