صحیح بخاری 4514: باب قَوْلِهِ {وَقَاتِلُوهُمْ حَتَّى لاَ تَكُونَ فِتْنَةٌ وَيَكُونَ الدِّينُ لِلَّهِ فَإِ …
اور عثمان بن صالح نے (عبداللہ) بن وَہب سے روایت کرتے ہوئے (اتنا) اور بڑھایا، انہوں نے کہا: مجھے فلاں شخص اور حیوہ بن شُرَیح نے بتایا کہ بکر بن عمرو معافری سے روایت ہے کہ بُکَیر بن عبداللہ نے ان سے بیان کیا۔ وہ نافع سے روایت کرتے تھے کہ ایک شخص حضرت ابن عمرؓ کے پاس آیا اور کہنے لگا: ابوعبدالرحمٰنؓ! آپؓ کو کس بات نے آمادہ کیا ہے کہ آپؓ ایک سال حج کریں اور ایک سال عمرہ اور اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد چھوڑ دیں؟ حالانکہ آپؓ کو خوب علم ہے کہ اللہ نے جہاد سے متعلق کیا کچھ ترغیب دی ہے۔ انہوں نے کہا: اے میرے بھتیجے! اسلام کی بنیاد پانچ باتوں پر رکھی گئی ہے: اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا، پانچ نمازیں ادا کرنا، رمضان کے روزے رکھنا، زکوٰة دینا اور بیت اللہ کا حج کرنا۔ وہ کہنے لگا: ابوعبدالرحمٰنؓ! کیا آپؓ وہ نہیں سنتے جو اللہ نے اپنی کتاب میں کہا ہے: اگر مومنوں میں سے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان کے درمیان صلح کرا دو۔ پھر اگر (صلح ہو جانے کے بعد) ان میں سے کوئی ایک دوسرے پر چڑھائی کرے تو سب مل کر اس چڑھائی کرنے والے کے خلاف جنگ کرو یہاں تک کہ وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے۔ (نیز فرمایا ہے) ان سے لڑو یہاں تک کہ فتنہ نہ رہے۔ (حضرت ابن عمرؓ نے) کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں (یہ) کیا اور اس وقت مسلمان تھوڑے تھے اور آدمی کو اس کے دین کی وجہ سے ابتلاء میں ڈال دیا جاتا تھا یا وہ اسے قتل کر دیتے یا اُسے دکھ دیتے، آخر مسلمان بہت ہوگئے اور فتنہ نہ رہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah