صحیح بخاری 4521: باب {ثُمَّ أَفِيضُوا مِنْ حَيْثُ أَفَاضَ النَّاسُ}
محمد بن ابی بکر نے مجھ سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا کہ کریب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: آدمی جب تک بغیر احرام ہو یعنی جب تک حج کی لبیک نہ پکارے بیت اللہ کا طواف کرتا رہے اور جب سوار ہو کر عرفات کو جائے پھر جس کو قربانی میسر ہو، اونٹوں سے یا گائے بیل سے یا بکریوں سے جو بھی اس کو میسر ہو اور جسے چاہے اس کی قربانی کر دے۔ لیکن اگر اس کو میسر نہ ہو تو اس کو تین روزے حج میں رکھنے چاہئیں اور یہ عرفات کے دن سے پہلے ہیں۔ اور اگر ان تین روزوں میں سے آخری روزہ عرفات کے دن ہو تب بھی اس پر کوئی حرج نہیں۔ پھر (مکہ سے) چل دے اور آ کر عرفات میں عصر کی نماز سے لے کر اس وقت تک کہ اندھیرا ہو جائے ٹھہرے، پھر چاہئے کہ لوگ عرفات سے لوٹیں۔ پھر جب وہ وہاں سے لوٹ پڑیں یہاں تک کہ مزدلفہ میں پہنچ جائیں جہاں وہ رات گزارتے ہیں۔ پھر چاہئے کہ وہ ذکر الٰہی میں بہت مشغول رہیں۔ یا (کہا:) تم صبح ہونے سے پہلے تکبیر اور تہلیل کثرت سے کرو۔ پھر وہاں سے لَوٹو۔ کیونکہ لوگ وہیں سے لوٹتے تھے اور اللہ تعالیٰ نے بھی فرمایا ہے: اور جہاں سے لوگ (واپس) لوٹتے رہے ہیں وہاں سے تم بھی (واپس) لوٹو۔ اور اللہ سے مغفرت طلب کرو۔ اللہ یقینا ً بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ یعنی رمی جمار تک (استغفار میں مشغول رہو۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 35: باب {ثُمَّ أَفِيضُوا مِنْ حَيْثُ أَفَاضَ النَّاسُ}