صحیح بخاری 4532: باب {حَافِظُوا عَلَى الصَّلَوَاتِ وَالصَّلاَةِ الْوُسْطَى}
حبان (بن موسیٰ السلمی) نے ہمیں بتایا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عون نے ہمیں بتایا کہ محمد بن سیرین سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں ایک مجلس میں بیٹھا جہاں بڑے بڑے انصاری تھے اور ان میں عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ بھی تھے۔ میں نے عبداللہ بن عتبہ کی اس حدیث کا ذکر کیا جو حضرت سُبَیعہ بنت حارثؓ سے متعلق ہے۔ عبدالرحمٰن نے کہا: لیکن عبداللہ بن عتبہ کے چچا تو یوں نہیں کہتے تھے۔ میں نے کہا: میں تو پھر بڑا ہی دلیر ہوں اگر میں نے ایسے شخص کی بابت جھوٹ کہا ہے جو کوفہ کے ایک کونے میں رہتا ہے اور انہوں نے اپنی آواز بلند کی۔ محمد بن سیرین کہتے تھے: یہ کہہ کر میں باہر چلا گیا اور پھر مالک بن عامر یا مالک بن عوف سے ملا۔ میں نے پوچھا کہ حضرت ابن مسعودؓ کا کیا قول تھا؟ اس عورت کے بارے میں جس کا خاوند وفات پا (کر اُس کو چھوڑ) جائے اور وہ حاملہ ہو۔ انہوں نے کہا حضرت ابن مسعودؓ کہتے تھے: تم حاملہ پر سختی تو کرتے ہو اور اس کے لیے آسانی نہیں کرتے۔ حالانکہ عورتوں کے متعلق چھوٹی سورۃ (یعنی سورۃ الطلاق) تو لمبی (یعنی سورۃ البقرۃ) کے بعد اُتری۔ اور ایوب (سختیانی) نے محمد (بن سیرین) سے یوں نقل کیا کہ میں ابو عطیہ مالک بن عامر سے ملا۔
باب 42: باب {حَافِظُوا عَلَى الصَّلَوَاتِ وَالصَّلاَةِ الْوُسْطَى}