صحیح بخاری 4547: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ابراہیم تستری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے یہ آیت پڑھی: وہی ہے جس نے تجھ پر یہ کتاب نازل کی ہے جس کی بعض (آیتیں تو) محکم آیتیں ہیں جو اس کتاب کی جڑ ہیں اور کچھ اور (ہیں جو) متشابہ ہیں۔ پس جن لوگوں کے دلوں میں کجی ہے وہ تو فتنہ کی غرض سے اور اس (کتاب) کو (اس کی حقیقت سے) پھیر دینے کے لئے ان (آیات) کے پیچھے پڑ جاتے ہیں جو اس (کتاب) میں سے متشابہ ہیں حالانکہ اس کی تفسیر کو سوائے اللہ کے اور علم میں کامل دستگاہ رکھنے والوں کے (کہ) جو کہتے ہیں (کہ) ہم اس (کلام) پر ایمان رکھتے ہیں (اور جو کہتے ہیں کہ یہ) سب ہمارے ربّ کی طرف سے ہی ہے کوئی نہیں جانتا اور عقلمندوں کے سوا کوئی بھی نصیحت حاصل نہیں کرتا۔ فرماتی تھیں: یہ پڑھ کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: (عائشہؓ !) جب تم ان لوگوں کو دیکھو جو قرآن کی ایسی آیات کے پیچھے لگتے ہیں جو متشابہ ہوں تو وہ وہی لوگ ہیں جن کا ذکر اللہ تعالیٰ نے (اس آیت میں) کیا ہے۔ یعنی ان سے بچو۔