صحیح بخاری 4553
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن یوسف) سے، ہشام نے معمر سے روایت کی۔ اور عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا، کہا: حضرت ابن عباسؓ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: ابوسفیان نے مجھ سے بالمشافہ بات کی، کہا: میں اس میعادی صلح کے دوران جو میرے اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان تھی چلا گیا، کہا: اس اثنا میں کہ مَیں شام میں تھا، نبی ﷺ کا ایک خط ہرقل کے پاس لایا گیا، کہا: اور دحیہ کلبیؓ وہ خط لائے اور انہوں نے وہ بصریٰ کے سردار کے سپرد کیا اور بصریٰ کے سردار نے ہرقل کو پہنچا دیا، کہا: ہرقل نے پوچھا: کیا اس شخص کی قوم میں سے جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے کوئی یہاں ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں۔ ابوسفیان نے کہا: چنانچہ قریش کے چند لوگوں سمیت مجھے بلایا گیا۔ ہم ہرقل کے پاس آئے تو ہمیں اس کے سامنے بٹھا دیا گیا۔ ہرقل نے پوچھا: تم میں سے کون اس شخص کا زیادہ قریبی رشتہ دار ہے جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے؟ ابوسفیان نے بیان کیا کہ میں نے کہا: میں ہوں۔ تب انہوں نے مجھے اس کے سامنے بٹھایا اور میرے ساتھیوں کو میرے پیچھے بٹھایا۔ پھر اس نے اپنے ترجمان کو بلایا اور اس سے کہا: ان لوگوں سے کہو کہ میں اس سے اس شخص کے متعلق جو دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی ہے پوچھنے لگا ہوں۔ اگر اس نے مجھ سے جھوٹ کہا تو تم اس کو جھٹلا دینا۔ ابوسفیان کہتے تھے: اللہ کی قسم! اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ میرے ساتھی میرے متعلق جھوٹ کا چرچا کریں گے تو میں ضرور جھوٹ بولتا۔ پھر اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے پوچھو تم میں اس کا خاندان کیسا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: وہ ہم میں خاندانی ہے۔ ہرقل نے پوچھا: کیا اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں۔ کہنے لگا: تو کیا پیشتر اس کے کہ وہ دعویٰ کرتا جو اس نے کیا تم اسے جھوٹ سے متہم کرتے تھے؟ میں نے کہا: نہیں۔ اس نے پوچھا: کیا لوگوں میں سے بڑے بڑے اس کی پیروی کرتے ہیں، یا اُن میں سے کمزور؟ کہتے تھے، میں نے کہا: (بڑے نہیں) بلکہ ان میں سے کمزور۔ پوچھا: کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں، بڑھ رہے ہیں۔ اس نے پوچھا: کیا ان میں سے کوئی اپنے دین سے اس میں داخل ہونے کے بعد دین سے نفرت کرنے کی وجہ سے مرتد بھی ہوتا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں۔ اس نے پوچھا: کیا تم نے اس سے جنگ بھی کی؟ کہتے تھے، میں نے کہا: ہاں۔ اس نے پوچھا: پھر اس سے تمہاری لڑائی کیسی رہی؟ کہتے تھے، میں نے کہا: لڑائی ہمارے اور اس کے درمیان ڈول کی طرح ہے۔ کبھی اسے ہم سے نقصان پہنچتا ہے، کبھی ہم اس سے نقصان اُٹھاتے ہیں۔ پوچھا: کیا وہ عہد شکنی بھی کرتا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: نہیں۔ اور اب ہم اس کی طرف سے ایک میعادی صلح میں ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ اس میں وہ کیا کچھ کرنے والا ہے۔ ابوسفیان کہتے تھے: اللہ کی قسم! کسی بات نے موقع نہیں دیا کہ اس میں اپنی طرف سے کچھ کہوں سوائے اس بات کے۔ اس نے پوچھا: کیا کسی نے اس سے پہلے یہ دعویٰ کیا ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ پھر اس کے بعد اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے کہہ میں نے تم سے اس کے خاندان سے متعلق پوچھا تھا کہ وہ تم میں کیسا ہے؟ تو تم نے کہا ہے کہ وہ ہم میں خاندانی ہے اور رسول بھی اس طرح اپنی قوم کے شریف خاندانوں ہی میں سے ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا: کیا اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا ہے؟ تو تم نے کہا: نہیں۔ میں نے خیال کیا: اگر اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ ہوا ہو تو میں سمجھتا کہ ایک ایسا شخص ہے جو اپنے باپ دادوں کی بادشاہت کا خواہاں ہے اور میں نے تم سے اس کے پیرؤوں کی بابت پوچھا تھا: کیا وہ لوگوں میں سے کمزور ہیں یا ان میں سے بڑے بڑے لوگ؟ تو تم نے کہا: نہیں، ان میں سے کمزور اور یہی لوگ رسولوں کے پیرو ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا: کیا جو اس نے دعویٰ کیا ہے اس دعویٰ کرنے سے پہلے تم اس کو جھوٹ سے متہم کرتے تھے؟ تم نے کہا: نہیں۔ میں اس سے سمجھ گیا کہ وہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ لوگوں پر تو جھوٹ ترک کرے اور اللہ پر جھوٹ باندھنے لگے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا ان میں سے کوئی اپنے دین سے اس میں داخل ہونے کے بعد اس دین سے نفرت کرنے کی وجہ سے مرتد بھی ہوتا ہے؟ تم نے کہا: نہیں، اور ایمان کی یہی حالت ہوتی ہے جب وہ دلوں کی بشاشت میں سما جاتا ہے اور میں نے تم سے پوچھا تھا: کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں تو تم نے کہا: بڑھ رہے ہیں اور ایمان کا یہی حال ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ کمال کو پہنچ جائے اور میں نے تم سے پوچھا تھا: کیا تم نے کبھی اس سے لڑائی بھی کی؟ تم نے کہا کہ ہم نے اس سے جنگ کی اور جنگ تمہارے اور اس کے درمیان ڈول کی طرح ہے۔ کبھی وہ تم سے نقصان اُٹھاتا ہے اور کبھی تم اس سے نقصان اٹھاتے ہو اور رسولوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے مگر آخر انجام انہی کا ہوتا ہے اور پھر میں نے تم سے پوچھا: کیا وہ عہد شکنی کرتا ہے؟ تم نے کہا: نہیں۔ اسی طرح رسولوں کا حال ہوتا ہے کہ وہ عہد شکنی نہیں کرتے اور میں نے تم سے پوچھا: کیا اس سے پہلے کسی نے یہ دعویٰ کیا؟ تم نے کہا: نہیں۔ میں نے خیال کیا کہ اگر اس سے پہلے کوئی یہ دعویٰ کرتا تو میں سمجھتا ایک شخص ہے کہ جس نے ایسی بات کی تقلید کی ہے جو اس سے پہلے بھی کہی گئی۔ ابوسفیان کہتے تھے: اس کے بعد اس نے پوچھا: وہ کس بات کا تمہیں حکم دیتا ہے؟ کہتے تھے، میں نے کہا: وہ ہمیں نماز پڑھنے اور زکوٰة دینے اور صلہ رحمی کرنے اور بدیوں سے بچنے کا حکم کرتا ہے۔ ہرقل کہنے لگا: جو کچھ تم نے اس کے بارے میں کہا ہے اگر یہ سچ ہے تو یقیناً وہ نبی ہے اور میں جانتا تھا کہ وہ آنے والا ہے مگر میں یہ خیال نہیں کرتا تھا کہ وہ تم میں سے ہوگا اور اگر میں جانتا کہ میں اس کے پاس صحیح سالم پہنچ جاؤں گا تو میں ضرور اس کی ملاقات پسند کرتا اور اگر میں اس کے پاس ہوتا تو میں اس کے پاؤں دھوتا اور ضرور ضرور اس کی بادشاہت اس زمین تک پہنچ جائے گی جو میرے پاؤں کے نیچے ہے۔ ابوسفیان کہتے تھے: پھر اس نے رسول اللہ ﷺ کا خط منگوایا اور اس کو پڑھا تو اس میں یہ مضمون تھا: (میں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ (پڑھتا ہوں) محمدؐ کی طرف سے جو اللہ کا رسول ہے، ہرقل کی طرف جو رومیوں کا سردار ہے۔ جس نے ہدایت (صحیح راستے) کی پیروی کی، اس پر سلامتی ہو۔ اما بعد میں تم کو اسلام کی دعوت دیتا ہوں۔ اسلام قبول کرلو سلامتی میں رہو گے اور اسلام قبول کرو، اللہ تمہیں دوہرا اَجر دے گا۔ اگر تم پھر گئے تو یاد رکھو رعایا کا وبال بھی تم پر پڑے گا اور تو کہہ: اے اہل کتاب (کم سے کم) ایک ایسی بات کی طرف تو آ جاؤ جو ہمارے درمیان اور تمہارے درمیان برابر ہے (اور وہ یہ ہے) کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں اور کسی چیز کو اُس کا شریک نہ ٹھہرائیں اور نہ ہم اللہ کو چھوڑ کر آپس میں ایک دوسرے کو ربّ بنایا کریں۔ پھر اگر وہ پھر جائیں تو ان سے کہہ دو کہ تم گواہ رہو کہ ہم (خدا کے) فرمانبردار ہیں۔ جب ہرقل اس خط کے پڑھنے سے فارغ ہوا تو اس کے پاس آوازیں بلند ہوئیں اور شور بہت ہوا اور ہمارے متعلق حکم دیا گیا اور ہم نکال دئیے گئے۔ ابوسفیان کہتے تھے: جب ہم نکلے میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: ابو کبشہ کے بیٹے کی تو دھاک بیٹھ گئی ہے۔ اس سے تو اَب بنو اَصفر کا بادشاہ بھی ڈرتا ہے۔ میں اس وقت سے رسول اللہﷺ کے سلسلے کی نسبت یقین کئے رہا کہ وہ ضرور غالب ہوگا۔ یہاں تک کہ یہ دن آیا اللہ نے مجھ کو اسلام میں داخل کیا۔ زہری کہتے تھے: ہرقل نے رومیوں کے بڑے بڑے سرداروں کو بلایا۔ ان کو اپنے ایک محل میں جمع کیا اور کہنے لگا: رومی لوگو! کیا تمہیں کامیابی اور سیدھے راستے پر آخری زمانے تک رہنے کی خواہش ہے اور یہ کہ تمہاری بادشاہت قائم رہے۔ کہتے تھے: یہ سن کر وہ جنگلی گدھوں کی طرح دروازوں کی طرف بھاگے مگر انہوں نے ان کو بند پایا۔ ہرقل نے کہا: ان کو میرے پاس لے آؤ۔ ان کو بلایا اور کہنے لگا: میں نے تو صرف یہ آزمایا تھا کہ تم اپنے دین پر مضبوط بھی ہو۔ سو میں نے تم سے یہ بات دیکھ لی ہے جو میں چاہتا تھا۔ یہ سن کر انہوں نے اس کے سامنے سجدہ کیا اور اس سے خوش ہوگئے۔
مربوط حوالہ جات
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب
خلفاء کی کتب
- دیباچہ تفسیر القرآن: Dibacha Tafsir-ul-Qur’an, PDF page 309
- نبیوں کا سردار ﷺ: Nabiyon ka Sardar (saw), PDF page 192
- انوارالعلوم (جلد 20): Anwar-ul-Ulum, Volume 20, PDF page 333
خطباتِ جمعہ
- حضرت مُنْذِرْ بن محمد انصاری اور حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رضوان اللہ علیہم: Khutbat-e-Masroor, Volume 16, PDF page 358