صحیح بخاری 4554: باب {وَإِذْ قُلْنَا ادْخُلُوا هَذِهِ الْقَرْيَةَ فَكُلُوا مِنْهَا حَيْثُ شِئْتُمْ رَغَدً …
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت ابوطلحہؓ مدینہ کے سب انصاریوں سے زیادہ کھجوروں کے درخت رکھتے تھے اور ان کی جائیداد میں سے ان کو سب سے زیادہ پیارا بیرحاء کا باغ تھا اور وہ مسجد کے سامنے تھا۔ رسول اللہ ﷺ وہاں جایا کرتے تھے اور اس کا عمدہ پانی پیتے۔ جب یہ آیت نازل کی گئی: تم ہرگز نیکی حاصل نہیں کرسکو گے تا وقتیکہ تم اس سے خرچ نہ کرو جو تمہیں پیاری ہے۔ حضرت ابوطلحہؓ کھڑے ہوگئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تم ہرگز نیکی حاصل نہیں کرسکو گے تا وقتیکہ تم اس سے خرچ نہ کرو جو تمہیں پیاری ہے اور میری جائیدادوں میں سے سب سے پیارا مجھے بیرحاء ہے اور یہ باغ اللہ کے لئے صدقہ ہے۔ میں اس کے ثواب کی امید رکھتا ہوں اور یہ کہ اللہ کے پاس (میرے لئے) بطور ذخیرہ ہوگا۔ اس لئے یا رسول اللہ ! جہاں اللہ آپ کو مناسب سمجھائے وہاں صرف کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: واہ واہ یہ تو بڑا اچھا مال ہے یہ تو بڑا اچھا مال ہے اور میں نے سن لیا ہے جو تم نے کہا ہے۔ اور میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اس کو رشتہ داروں میں تقسیم کرو۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: یا رسول اللہ ! میں یہی کروں گا۔ چنانچہ حضرت ابوطلحہؓ نے اس مال کو اپنے رشتہ داروں اور چچا کے بیٹوں میں تقسیم کیا۔ عبداللہ بن یوسف اور روح بن عبادہ نے اپنی روایت میں یہ الفاظ کہے کہ یہ تو فائدہ دینے والا مال ہے۔ یحيٰ بن یحيٰ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے مالک سے یوں پڑھا ہے: مَالٌ رَايِحٌ یعنی بہت عمدہ مال۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah