صحیح بخاری 4556: باب قَوْلُهُ {مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِجِبْرِيلَ}
ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ ابو ضمرہ نے مجھ سے بیان کیا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ یہود نبی ﷺ کے پاس اپنے میں سے ایک مرد اور ایک عورت کو لائے جنہوں نے زنا کیا تھا۔ آپؐ نے ان سے پوچھا: جو تم میں سے زنا کرے تم اس کے ساتھ کیا کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہم اُن کا منہ کالا کرتے ہیں اور اُن کو مارتے ہیں۔ اس پر آپؐ نے پوچھا: کیا تورات میں تم رجم کا حکم نہیں پاتے؟ انہوں نے کہا: ہم تو اس میں ایسا حکم بالکل نہیں پاتے۔ یہ سن کر حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے ان سے کہا: تم نے جھوٹ کہا ہے۔ اگر تم سچے ہو تو تورات لاؤ اور اسے پڑھو۔ آخر تورات کے ایک بڑے قاری نے جو ان کو پڑھایا کرتا تھا اپنا ہاتھ رجم کی آیت پر رکھ دیا اور جو اس کے ہاتھ کے آگے اور پیچھے آیتیں تھیں وہ پڑھنے لگا اور رجم کی آیت نہیں پڑھتا تھا۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے اس کے ہاتھ کو رجم کی آیت سے کھینچ کر ہٹایا اور کہا: یہ کیا ہے؟ جب انہوں نے دیکھا، کہنے لگے: یہ رجم کی آیت ہے۔ چنانچہ آپؐ نے ان دونوں کے بارے میں حکم دیا اور وہ دونوں اس جگہ کے قریب رجم کئے گئے جہاں مسجد کے پاس جنازے رکھے جاتے تھے۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کہتے تھے: میں نے اس عورت کے یار کو دیکھا کہ وہ اس پر جھکا جاتا تھا اور اس کو پتھروں سے بچاتا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah