صحیح بخاری 4579
محمد بن مقاتل نے ہمیں بتایا کہ اسباط بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ (ابواسحاق) شیبانی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ شیبانی نے یہ بھی کہا کہ ابوالحسن سوائی نے بھی اس حدیث کا ذکر کیا اور میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ ہی سے روایت کرتے ہوئے اس حدیث کا ذکر کیا۔ (حضرت ابن عباسؓ نے کہا:) اے ایماندارو! تمہارے لئے (یہ) جائز نہیں کہ تم زبر دستی عورتوں کے وارث بن جاؤ اور تم انہیں اس غرض سے تنگ نہ کرو کہ جو (کچھ) تم نے انہیں دیا ہے اس میں سے کچھ (چھین کر) لے جاؤ۔ کہتے تھے: عرب لوگ جب کوئی شخص مر جاتا تو اس کے وارث اس کی بیوی کے زیادہ حق دار ہوتے۔ اگر ان میں سے کسی نے چاہا اس سے شادی کر لی اور اگر چاہا تو کسی اور سے شادی کرائی اور اگر انہوں نے چاہا تو اس کو نہ بیاہا۔ غرض وہ اس عورت کے اس کے اپنے رشتہ داروں سے زیادہ حق دار ہوتے۔ اس لئے یہ آیت اس کے متعلق نازل ہوئی۔