صحیح بخاری 4610: باب {وَإِذْ قُلْنَا ادْخُلُوا هَذِهِ الْقَرْيَةَ فَكُلُوا مِنْهَا حَيْثُ شِئْتُمْ رَغَدً …
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبد اللہ انصاری نے ہمیں بتایا: (عبد اللہ) بن عون نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوقلابہ کے آزاد کردہ غلام سلمان ابورجاء نے مجھے بتایا کہ ابوقلابہ سے روایت ہے کہ وہ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے پیچھے بیٹھے تھے۔ لوگوں نے (قسامۃ کا) ذکر کیا اور اُنہوں نے کچھ کہا۔ پھر اُنہوں نے کچھ کہا اور وہ بولے: خلفاء نے بھی قسامۃ میں قصاص لیا ہے۔ حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ نے ابوقلابہ کو مڑ کر دیکھا اور وہ ان کی پیٹھ کے پیچھے تھے، کہنے لگے: عبداللہ بن زید آپ کیا کہتے ہیں؟ یا کہا: ابوقلابہ آپ کیا کہتے ہیں؟ میں نے کہا: مجھے کسی ایسے نفس کی نسبت علم نہیں جس کا مار ڈالنا اسلام میں جائز ہوا ہو۔ سوائے اس شخص کے جو شادی کرنے کے بعد زنا کرے یا ناحق کسی نفس کو مار ڈالے، یا اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کرے۔ عنبسہ (بن سعید) نے یہ سن کر کہا: حضرت انسؓ نے ہم سے ایسا ایسا بیان کیا ہے۔ میں نے کہا: مجھ سے بھی حضرت انسؓ نے ایسا ہی بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: کچھ لوگ نبیﷺ کے پاس آئے اور اُنہوں نے آپؐ سے گفتگو کی اور کہنے لگے: ہم نے اس زمین کی آب و ہوا ناموافق پائی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ہمارے اونٹ ہیں جو چرنے کے لیے باہر جا رہے ہیں تم بھی ان کے ساتھ جاؤ اور ان کا دودھ اور پیشاب پیو۔ چنانچہ وہ ان کے ساتھ چلے گئے۔ اُن کا پیشاب اور دودھ پیا اور تندرست ہوگئے۔ پھر وہ چرواہے پر پَل پڑے اور اسے مار ڈالا اور اونٹ ہانک کر لے گئے۔ تو ایسے لوگوں کی سزا میں کیا تأمل ہوسکتا ہے جنہوں نے ایک جان کا خون کیا اور اللہ اور اس کے رسولؐ سے جنگ کی اور رسول اللہ ﷺ کو خوف زدہ کرنا چاہا۔ عنبسہ نے یہ سن کر کہا: سبحان اللہ۔ میں نے کہا: تم مجھے جھوٹا سمجھتے ہو؟ اُنہوں نے کہا: حضرت انسؓ نے ہم سے ایسا ہی بیان کیا ہے۔ کہتے تھے: پھر عنبسہ کہنے لگے: اے شام والو! تم ہمیشہ ہی اچھے رہو گے، جب تک کہ یہ اور اس جیسے تم میں باقی رہیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah