صحیح بخاری 4677: باب {وَلِكُلٍّ وِجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّيهَا فَاسْتَبِقُوا الْخَيْرَاتِ أَيْنَمَا تَكُونُوا …
محمد (بن نضر نیشاپوری) نے مجھ سے بیان کیا کہ احمد بن ابی شعیب نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن اعین نے ہم سے بیان کیا۔ اسحاق بن راشد نے ہمیں بتایا کہ زہری نے اُن سے بیان کیا، کہا: عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن کعب بن مالک نے مجھے بتایا کہ اُنہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ (حضرت کعب بن مالکؓ) سے سنا اور وہ اُن تین شخصوں میں سے ایک تھے جن کی توبہ قبول کی گئی تھی۔ وہ رسول ﷺ سے کسی غزوہ میں بھی جس میں آپ نکلے کبھی پیچھے نہ رہے سوائے دو غزوات کے ایک غزوۂ عسرہ اور ایک غزوۂ بدر۔ اُنہوں نے کہا: میں نے یہ پختہ عزم کرلیا کہ میں صبح چاشت کے وقت رسول ﷺ سے سچ سچ بیان کردوں اور کم ہی ہوتا کہ کسی سفر سے جو آپؐ نے کیا ہوتا چاشت کے وقت نہ آتے ہوں اور آپؐ پہلے مسجد میں آتے اور آپؐ وہاں دو رکعتیں پڑھتے اور نبی ﷺ نے میرے اور میرے دونوں ساتھیوں کے ساتھ بات چیت کرنے سے روک دیا اور ہمارے سوا جو اور پیچھے رہنے والے تھے ان میں سے کسی کے ساتھ بھی بات کرنے سے آپؐ نے نہیں روکا۔ اس لئے لوگ ہمارے ساتھ بات کرنے سے بچتے رہے۔ میں اسی حالت میں رہا، یہاں تک کہ یہ معاملہ اتنا لمبا ہوگیا کہ زندگی مجھ پر دوبھر ہونے لگی اور کوئی بات بھی مجھے اس سے بڑھ کر فکر میں ڈالنے والی نہ تھی کہ میں مرجاؤں اور نبی ﷺ میرے لئے دعائے رحمت نہ کریں یا رسول اللہ ﷺ فوت ہوجائیں اور میں لوگوں میں اسی پست حالت میں رہوں کہ اُن میں سے کوئی بھی میرے ساتھ بات نہ کرے اور نہ ہی میرے لئے دعائے رحمت کرے کہ آخر اللہ نے اپنے رسول پر ہماری توبہ سے متعلق اس وقت وحی نازل کی جبکہ رات کی آخری تہائی رہتی تھی اور رسول اللہ ﷺ حضرت ام سلمہؓ کے پاس تھے اور حضرت ام سلمہؓ میرے معاملہ میں اچھا رویّہ رکھتی تھیں اور میرے متعلق فکر مند تھیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ام سلمہؓ! کعب کی توبہ قبول ہوگئی ہے۔ کہنے لگیں: کیا میں اُس کے پاس آدمی بھیج کر اسے بشارت نہ دوں۔ آپؐ نے فرمایا: لوگ تمہارے پاس آکر تمہیں تھکا دیں گے اور ساری رات تمہیں سونے نہ دیں گے۔ جب رسول اللہ ﷺ نے صبح کی نماز پڑھائی تو آپؐ نے اعلان کیا کہ اللہ نے ہماری توبہ قبول کرلی ہے اور آپؐ جب خوش ہوتے تو آپ کا چہرہ چمک اٹھتا ایسا کہ جیسے وہ چاند کا ٹکڑا ہے اور ہم تین آدمی وہ تھے جن کا معاملہ مؤخر کیا گیا تھا اُن لوگوں سے جنہوں نے بہانے بنائے، جو قبول کرلیے گئے۔ جس وقت اللہ نے ہماری توبہ کی بابت وحی نازل کی اور جب پیچھے رہنے والوں میں سے اُن لوگوں کا ذکر کیا جنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے جھوٹ بولا تھا اور باطل عذر پیش کیے تھے تو اُن کا ذکر نہایت ہی بُرا کیا گیا جو کبھی کسی کا کیا گیا ہو۔ یعنی اللہ سبحانہ نے فرمایا: جب تم اُن کی طرف لوٹو گے تو تمہارے پاس عذر کریں گے۔ تو کہہ عذر نہ کرو، ہم تمہاری ہرگز نہیں مانیں گے۔ اللہ نے ہمیں تمہارے اندرونے سے آگاہ کردیا ہے اور عنقریب اللہ اور اس کا رسول تمہارے عمل دیکھ لے گا۔
حَدَّثَنِي مُحَمَّدٌ حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ أَبِي شُعَيْبٍ حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ أَعْيَنَ حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ رَاشِدٍ أَنَّ الزُّهْرِيَّ حَدَّثَهُ قَالَ أَخْبَرَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ كَعْبِ بْنِ مَالِكٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ سَمِعْتُ أَبِي كَعْبَ بْنَ مَالِكٍ وَهْوَ أَحَدُ الثَّلاَثَةِ الَّذِينَ تِيبَ عَلَيْهِمْ أَنَّهُ لَمْ يَتَخَلَّفْ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي غَزْوَةٍ غَزَاهَا قَطُّ غَيْرَ غَزْوَتَيْنِ غَزْوَةِ الْعُسْرَةِ وَغَزْوَةِ بَدْرٍ. قَالَ فَأَجْمَعْتُ صِدْقَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ضُحًى وَكَانَ قَلَّمَا يَقْدَمُ مِنْ سَفَرٍ سَافَرَهُ إِلاَّ ضُحًى وَكَانَ يَبْدَأُ بِالْمَسْجِدِ فَيَرْكَعُ رَكْعَتَيْنِ وَنَهَى النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم عَنْ كَلاَمِي وَكَلاَمِ صَاحِبَىَّ وَلَمْ يَنْهَ عَنْ كَلاَمِ أَحَدٍ مِنَ الْمُتَخَلِّفِينَ غَيْرِنَا فَاجْتَنَبَ النَّاسُ كَلاَمَنَا فَلَبِثْتُ كَذَلِكَ حَتَّى طَالَ عَلَىَّ الأَمْرُ وَمَا مِنْ شَىْءٍ أَهَمُّ إِلَىَّ مِنْ أَنْ أَمُوتَ فَلاَ يُصَلِّي عَلَىَّ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم أَوْ يَمُوتَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَأَكُونَ مِنَ النَّاسِ بِتِلْكَ الْمَنْزِلَةِ فَلاَ يُكَلِّمُنِي أَحَدٌ مِنْهُمْ وَلاَ يُصَلِّي عَلَىَّ فَأَنْزَلَ اللَّهُ تَوْبَتَنَا عَلَى نَبِيِّهِ صلى الله عليه وسلم حِينَ بَقِيَ الثُّلُثُ الآخِرُ مِنَ اللَّيْلِ وَرَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عِنْدَ أُمِّ سَلَمَةَ وَكَانَتْ أُمُّ سَلَمَةَ مُحْسِنَةً فِي شَأْنِي مَعْنِيَّةً فِي أَمْرِي فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " يَا أُمَّ سَلَمَةَ تِيبَ عَلَى كَعْبٍ ". قَالَتْ أَفَلاَ أُرْسِلُ إِلَيْهِ فَأُبَشِّرَهُ قَالَ " إِذًا يَحْطِمَكُمُ النَّاسُ فَيَمْنَعُونَكُمُ النَّوْمَ سَائِرَ اللَّيْلَةِ ". حَتَّى إِذَا صَلَّى رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم صَلاَةَ الْفَجْرِ آذَنَ بِتَوْبَةِ اللَّهِ عَلَيْنَا وَكَانَ إِذَا اسْتَبْشَرَ اسْتَنَارَ وَجْهُهُ حَتَّى كَأَنَّهُ قِطْعَةٌ مِنَ الْقَمَرِ وَكُنَّا أَيُّهَا الثَّلاَثَةُ الَّذِينَ خُلِّفُوا عَنِ الأَمْرِ الَّذِي قُبِلَ مِنْ هَؤُلاَءِ الَّذِينَ اعْتَذَرُوا حِينَ أَنْزَلَ اللَّهُ لَنَا التَّوْبَةَ فَلَمَّا ذُكِرَ الَّذِينَ كَذَبُوا رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مِنَ الْمُتَخَلِّفِينَ وَاعْتَذَرُوا بِالْبَاطِلِ ذُكِرُوا بِشَرِّ مَا ذُكِرَ بِهِ أَحَدٌ قَالَ اللَّهُ سُبْحَانَهُ {يَعْتَذِرُونَ إِلَيْكُمْ إِذَا رَجَعْتُمْ إِلَيْهِمْ قُلْ لاَ تَعْتَذِرُوا لَنْ نُؤْمِنَ لَكُمْ قَدْ نَبَّأَنَا اللَّهُ مِنْ أَخْبَارِكُمْ وَسَيَرَى اللَّهُ عَمَلَكُمْ وَرَسُولُهُ} الآيَةَ.
باب 18: باب {وَلِكُلٍّ وِجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّيهَا فَاسْتَبِقُوا الْخَيْرَاتِ أَيْنَمَا تَكُونُوا يَأْتِ بِكُمُ اللَّهُ جَمِيعًا إِنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَىْءٍ قَدِيرٌ}
مربوط حوالہ جات
قرآن کریم کی آیات
9:94