صحیح بخاری 4678: باب {وَمِنْ حَيْثُ خَرَجْتَ فَوَلِّ وَجْهَكَ شَطْرَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَإِنَّهُ لَل …
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا۔ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن کعب بن مالک سے روایت کی کہ عبداللہ بن کعب بن مالک نے کہا: اور وہ حضرت کعب بن مالکؓ کو (بوجہ نابینائی کے) پکڑ کر لے جایا کرتے تھے کہ میں نے حضرت کعب بن مالکؓ سے سنا وہ واقعہ تبوک سے متعلق جبکہ وہ پیچھے رہ گئے تھے بیان کرتے تھے کہ اللہ کی قسم! میں کسی کو نہیں جانتا کہ اللہ نے اس کو سچ بیان کرنے کی وجہ سے اس خوبی سے آزمایا ہو جیسا کہ اس نے مجھے آزمایا۔ جب سے میں نے رسول اللہ ﷺ سے یہ واقعہ بیان کیا، آج کے دن تک میں نے عمداً جھوٹ نہیں بولا اور اللہ عز و جل نے اپنے رسول ﷺ پر یہ وحی نازل کی: اللہ نے نبی اور مہاجرین اور انصار پر بڑا فضل کیا ہے (یعنی ان لوگوں پر) جنہوں نے اس (نبی) کی تکلیف کی گھڑی میں جبکہ ان میں سے ایک گروہ کے دل کسی قدر شک میں پڑ گئے تھے اتباع کی پھر اس نے ان (کمزوروں) پر بھی فضل کر دیا وہ ان (مومنوں) سے یقیناً محبت کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ اسی طرح اُن تینوں پر بھی (اس نے فضل کیا) جو کہ پیچھے چھوڑے گئے تھے یہاں تک کہ جب زمین باوجود فراخی کے اُن پر تنگ ہو گئی اور اُن کے اپنے نفس بھی ان پر بار بن گئے اور اُنہوں نے خیال کیا کہ اللہ کے غضب سے بچنے کے لیے سوائے اس کے اور کوئی پناہ نہیں تو ان کی حالت دیکھ کر اللہ نے ان پر فضل کیا تاکہ وہ بھی توبہ کریں اللہ یقیناً بار بار توبہ قبول کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ اے مومنو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور صادقوں (کی جماعت) کے ساتھ شامل ہو جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah