صحیح بخاری 4685
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا کہ سعید (بن ابی عروبہ) اور ہشام (بن ابی عبداللہ) نے ہم سے بیان کیا۔ اُن دونوں نے کہا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا: صفوان بن محرز سے روایت ہے۔ اُنہوں نے کہا: ایک بار حضرت ابن عمرؓ طواف کر رہے تھے اتنے میں ایک شخص سامنے سے آیا اور کہنے لگا: ابو عبدالرحمٰن! یا کہا ابن عمرؓ! کیا آپؓ نے نبی ﷺ سے مناجات (سرگوشی) کی بابت کچھ سنا ہے۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا: مومن اپنے ربّ سے اتنا قریب کیا جائے گا۔ اور ہشام نے یوں کہا: مومن اپنے ربّ سے اتنا قریب ہو جائے گا کہ اُس کا ربّ اُس پر اپنا پہلو جھکا دے گا اور اُس سے اُس کے گناہوں کا اقرار کروائے گا۔ (یعنی کہے گا:) کیا تجھے فلاں گناہ معلوم ہے۔ کہے گا: میرے ربّ مجھے معلوم ہے۔ دو دفعہ کہے گا، تو پھر اس کا ربّ کہے گا۔ دنیا میں میں نے پردہ پوشی کی اور آج بھی میں تیرے لیے اِن پر پردہ پوشی کرتا ہوں۔ پھر اِس کے بعد اُس کی نیکیوں کا صحیفہ لپیٹ دیا جائے گا اور جو دوسرے ہوں گے یا (کہا:) کافر ہوں گے تو تمام حاضرین کے سامنے برملا پکار کر کہا جائے گا: یہ وہ لوگ ہیں کہ جنہوں نے اپنے ربّ کے برخلاف جھوٹ کہا۔ اور شیبان نے (بھی) قتادہ سے روایت کرتے ہوئے (اپنی سند میں) یوں کہا: ہم سے صفوان نے بیان کیا۔