صحیح بخاری 4695: باب قَوْلُهُ {مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِجِبْرِيلَ}
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے اس قول کے متعلق پوچھا: یہاں تک کہ جب رسول نا اُمید ہو گئے۔ عروہ نے کہا: میں نے پوچھا کہ اس آیت میں كُذِبُوْا ہے یا كُذِّبُوْا؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: كُذِّبُوْا ہے یعنی انہیں جھٹلایا گیا۔ میں نے کہا: انہیں تو یقین تھا کہ ان کی قوم نے انہیں جھٹلایا ہے اور یہ صرف گمان نہیں تھا۔ انہوں نے فرمایا: بے شک انہیں اس کا یقین ہو چکا تھا۔ میں نے اُن سے کہا: شاید اس آیت میں كُذِبُوْا ہو۔ یعنی ان سے جھوٹے وعدے کئے گئے۔ حضرت عائشہؓ کہنے لگیں: معاذ اللہ! رسول ایسے نہیں ہوتے کہ اپنے ربّ پر یہ گمان کریں۔ میں نے کہا: پھر اس آیت کے کیا معنی ہیں؟ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: یہ (گمان کرنے والے) رسولوں کے پیرو ہیں جو اپنے ربّ پر ایمان لائے اور ان رسولوں کو سچا سمجھا اور ان کی آزمائش دیر تک ہوتی رہی اور اُن کو مدد پہنچنے میں دیر ہو گئی۔ یہاں تک کہ جب رسول اپنی قوم کے ان لوگوں سے بالکل نا اُمید ہو گئے جنہوں نے انہیں جھٹلایا تھا اَور رسولوں نے یہ خیال کیا کہ ان کے پیروؤں نے بھی انہیں جھوٹا قرار دے دیا ہے تو اس وقت اللہ کی مدد اُن کو پہنچی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah